چیف منسٹر آج کیا اعلان کریں گے ؟

انتظار کیجئے اور دیکھئے : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج کونگرا کلاں میں ٹی آر ایس کی پراگتی نیویرنا ریالی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ یہ ریالی 2 ستمبر کو دوپہر 2 بجے تا 8 بجے شام منعقد ہوگی جس میں 25 لاکھ افراد شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پرگتی بھون میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے بعد اس جلسہ عام میں اہم اعلانات کریں گے ۔ کے ٹی راما راؤ نے دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے ۔ لیکن اپوزیشن جماعتیں قبل از وقت انتخابات سے خوفزدہ ہیں ۔ انہوں نے ریالی کے لیے سرکاری مشنری کے استعمال کے الزامات کو مسترد کردیا بلکہ پارٹی اپنے فنڈس کا استعمال کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کل کسی اہم اعلان کے بارے میں ایک سوال پر اپنی طرف سے کچھ کہنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ’’ انتظار کیجئے اور دیکھئیے کہ چیف منسٹر کیا اعلانات کرتے ہیں ‘‘ ۔۔