چیف منسٹردہلی کجریوال جنوبی کوریا کے دورہ پر

سیول ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال ان دنوں جنوبی کوریا کے دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے دریائے جمنا سے مماثلت رکھنے والے چیونگویے چیون جھرنے کا دورہ کیا جو کسی زمانے میں گندے پانی کا نالہ تصور کیا جاتا تھا لیکن حکومت کی انتھک کوششوں سے آج اسے ایک انتہائی مقبول سیاحتی مقام میں تبدیل کردیا گیا ہے جسے دیکھ کر عام آدمی پارٹی کے قائد اس کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے اور کہا کہ دریائے جمنا کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے جنوبی کوریا کا یہ اقدام ہمارے لئے ایک مثال بن گیا ہے۔ کجریوال اور وزیر شہری ترقیات ستیندرجین اس وقت جنوبی کوریا کے دورہ پر ہیں۔ یاد رہیکہ دہلی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد کجریوال کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔ اس وقت جنوبی کوریا کی یون سائی یونیورسٹی میں ’’سرنگ 2018‘‘ کے عنوان سے انڈیا فیسٹیول بھی منایا جارہا ہے جہاں کجریوال نے بھی شرکت کی اور کوریائی شہریوں کیلئے ہندوستان کی ثقافتی جھلک پیش کرنے سیول میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کی زبردست ستائش کی۔ دہلی سٹی اور سیول سٹی کے درمیان ایک معاہدہ پر بھی انہوں نے دسخط کی۔ چیون یے چون 8 کیلو میٹر طویل جھرنا یا چھوٹی ندی ہے جو سیول میں مغرب سے مشرق کی جانب بہتی ہے۔ چند دہے قبل یہ ایک گندہ نالہ تصور کیا جاتا تھا اور ہمیشہ تعمیراتی کنکریٹ سے بھرا رہتا تھا جبکہ کچھ سال قبل سیول میٹرو پولیٹن حکومت نے اسی نالہ کے اوپر ٹرانسپورٹیشن سسٹم بھی تعمیر کردیا تھا۔