چیرمین و ڈائرکٹر العبیر میڈیکل گروپ کے ایس اے کا دورہ سیاست

اسلامی کیلی گرافی قابل ستائش ، جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیر الدین علی خاں سے آلونگال محمد کی ملاقات
حیدرآباد۔27جولائی(سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی ملی او رسماجی خدمات سے متاثر ہوکرجناب آلونگال محمد نے کہاکہ انہوں نے زندگی میںبہت سارے صحافتی اداروں کا دورہ کیامگر اتنے بڑے پیمانے پر ملی اور سماجی خدمات کو کہیں پر بھی نہیںدیکھا۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ عام طور پر صحافتی اداروں کا قیام تجارت او ردولت بٹورنے کی غرض سے کیاجاتا ہے مگر یہ ادارہ اس طرح کے نظریہ کے عین خلاف کام کرتے ہوئے معاشرے میں پسماندگی کاشکار طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہا ہے۔جناب آلونگال محمد نے آج یہاں ادارہ سیاست کا دورہ کرتے ہوئے مدیرجناب زاہد علی خان اور جناب ظہیر الدین خان سے ملاقات کی ۔انہوں نے ادارہ سیاست کی اسلامی کیلی گرافی کا مشاہدہ کیا اور لکڑی پر تیار کئے جانے والے فن پاروں سے بھی وہ کافی متاثر ہوئے ۔انہوں نے اسلامی کیلی گرافی کو متاثر کن قراردیا اور کہاکہ ادارہ سیاست کی جانب سے جو بیڑہ اٹھایاگیاہے وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے متعلق جو سنا اور سمجھا تھا ادارہ سیاست آنے کے بعد اس سے کہیںزیادہ حیدرآباد کو پایا ہے۔انہوں نے ادارہ سیاست کی خدمات سے بھی استفادہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔انہوں نے اپنے تاثرات میںبتایا کہ تاخیر سے ہی سہی مگر حیدرآباد آنے کا انہیںموقع مل ہی گیا۔آلونگال محمد نے کہاکہ حیدرآباد ہمہ لسانی تہذیب کا مرکز ہونے کے باوجود حیدرآبادی عوام میںکافی یکسانیت دیکھنے کو ملی۔حیدرآباد جن چیزوں کے مشہور ہے اس سے زیادہ شاندار حیدرآباد کی ہمہ لسانی تہذیب ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے بہت سارے شعبہ ہیںمگر معیاری اورکم قیمت پر علاج و معالجہ کی سہولتیں ندارد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ریاست تلنگانہ کے طبی شعبے میںسرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔جناب الونگال محمد نے بتایا کہ گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی ) ممالک یعنی مملکت سعودی عربیہ ‘قطر ‘عمان ‘ کویت ‘ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان میں العبیر کے دواخانے ہیں جہاں پر ہزاروں کی تعداد میںلوگوں کا علاج کیاجاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ العبیر میڈیکل گروپ کا بڑا نٹ ورک جی سی سی ممالک میں پچھلے اٹھار ہ سالوں سے اعلی معیاری دواخانہ چلانے کاکام کرتا ہے‘ جہاں پر ہر سال چار ملین افراد مختلف امراض کا علاج کراتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب العبیر نے دیگر شعبہ جات میںبھی سرمایہ کاری کاکام شروع کیا جس میںویثول میڈیا‘ ایڈورٹائزنگ اور مارکٹینگ‘ ایجوکیشن‘ ٹراویل اورٹورزم کے علاوہ ایویشن جیسے شعبہ جات شامل ہیں۔مسٹر آلونگال نے کہاکہ وہ تلنگانہ میں میڈیکل شعبہ میںسرمایہ کاری کے علاوہ آئی ٹی سیکٹر کا بھی جائز ہ لے رہے ہیںاور زیادہ کارکرد میڈیکل سافٹ ویر کو تلنگانہ میںمتعارف کرنے کی خواہش ظاہرکی۔ آلونگال محمد نے پہلی مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کیا ہے اس موقع پر انہو ںنے چارمینار‘ مکہ مسجد‘ اور سالار جنگ میوزیم کا مشاہدہ بھی کیا۔ ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے آلونگال محمد چیرمن اور ڈائرکٹر العبیر میڈیکل گروپ کے ایس ہے اور سلطنت عمان کے علاوہ ایم ڈی کالموو ٹکنالوجی پرائیوٹ لمٹیڈ ٹکنو پارک ‘ ترویننتا پورم‘ ایم ڈی کانکیور سالیوشن پرائیوٹ لمیٹیڈ ‘ چیرمن کور انٹرنیشنل میڈیا اینڈ ایڈورٹائزنگ ایل سی سی ‘ نائب صدر انڈوسعودی میڈیکل فورم اور نائب صدر سعودی انڈین بزنس نٹ ورک ہیں۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان نے آلونگال محمد کو حیدرآباد کی تاریخی تصویروں پر مشتمل کتاب ’’ حیدرآباد امیجس‘‘ بطور تحفہ پیش کیا۔