چھوٹا راجن کو لانے ہندوستانی ٹیم کی بالی آمد

اسپیشل پولیس کمانڈوز کی سکیورٹی ، جکارتہ میں ہندوستانی سفارتخانہ کے عہدیدار کی راجن سے ملاقات
نئی دہلی / بالی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کی جلد از جلد حوالگی کو یقینی بنانے کیلئے ہندوستانی پولیس ٹیم آج بالی پہونچ گئی ۔ جبکہ ہندوستانی سفارت کار کو چھوٹا راجن تک رسائی فراہم کی گئی اور انہوں نے انڈونیشیا ء کے پولیس ڈیٹینشن سنٹر میں 55 سالہ انڈر ورلڈ ڈان سے ملاقات کی ۔  چھوٹا راجن کو ہندوستان واپس لانے کے لئے ہندوستان نے دو دن قبل مکتوب روانہ کیا تھا ۔ اس کی وطن واپسی پر اس کے خلاف مختلف جرائم کے مقدمات کا سامنا ہوگا ۔

راجن کو گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے یہاں پہونچنے پر ایرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا اس کو بالی کی ایک جیل میں رکھا گیا ہے ۔ فرسٹ سکریٹری (قونصلر) سنجیو کمار اگروال جو جکارتہ میں ہندوستانی سفارتخانہ کے عہدیدار ہیں آج داستی مرکز پر چھوٹا راجن سے دیڑھ گھنٹہ تک بات چیت کی ۔ اسے یہاں گرفتاری کے بعد اتوار سے رکھا گیا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ہندوستانی عہدیدار نے چھوٹا راجن سے جیل میں ملاقات کی ہے ۔ 55 سالہ انڈر ورلڈ ڈان کو بالی میں ریڈ کارنر نوٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ انٹروپول سے نوٹس موصول ہوئی تھی ۔ آسٹریلیا کی عہدیداروں نے یہ نوٹس انڈونیشیا میں پولیس کو روانہ کی تھی ۔ یہاں پر حوالگی مجرمین کا معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ہندوستانی حکام نے پہلے ہی اپنے انڈونیشیا ہم منصبوں کو دستاویزات فراہم کی ہیں اور اس کی ہندوستانی شناخت پیش کرتے ہوئے اس کی حوالگی کے لئے زور دیا ہے ۔ سی بی آئی اور ممبئی پولیس دہلی پولیس کے عہدیداروں کی مشترکہ ٹیم اس کو ہندوستان واپس لانے کی کوشش کرے گی ۔

ممبئی پولیس نے اس کے خلاف 75 کیسیس درج کئے ہیں جبکہ دہلی پولیس نے 6 کیس درج کئے ہیں ۔ سی بی آئی جس نے ہندوستان میں انٹرپول کے لئے نوڈول ایجنسی کی حیثیت سے اپنے عہدیدارکو روانہ کیا ہے واپس آنے کے بعد چھوٹا راجن کی تحویل کو ممبئی پولیس کے حوالے کرے گی ۔ ممبئی پولیس نے انڈور ورلڈ ڈان کے خلاف 20 قتل ، چار دہشت گردی اور انتہاپسندانہ سرگرمیاں قانون کے تحت مقدمات کے بشمول کئی کیسیس درج کئے ہیں ۔ راجن کو انڈور ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا ان میں 1993 ء ممبئی دھماکوں کے بعد پھوٹ پڑگئی ہے ۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے سابق عہدیداروں نے بتایا کہ خرابی صحت اور داؤد ابراہیم سے خطرات کے باعث وہ پریشان ہے ۔ بالی میں ہندوستانی عہدیداروں کی سکیورٹی کیلئے اسپیشل پولیس کمانڈوز فراہم کئے گئے ہیں ۔ ہندوستانی ٹیم سی بی آئی ، ممبئی پولیس اور دہلی پولیس کے عہدیداروں پر مشتمل ہے اور ان میں دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کے ایلیٹ کمانڈوز بھی شامل ہیں ۔