چھتیس گڑ میں نیند میں خلل پیدا کرنے والے عمر رسید شخص کا بھائی کے ہاتھوں بے رحمی سے قتل

رائے پور:ایک دل دہلادینے والے واقعہ میں ایک 40سالہ شخص نے اپنے بڑے بھائی کا اس لئے بے رحمی سے قتل کردیا کیونکہ وہ اس کی نیند میں خلل پیدا کررہا تھا‘ مذکورہ واقعہ چھتیس گڑکے ضلع بالود میں واقعہ داوندیلوہرہ گاؤں میں منگل کے روز پیش آیا تھا۔

ملزم سریش کمار ایک ہی کمرے میں اپنے بھائی چنتا رام عمر 45سال کے ساتھ محو خواب تھا‘ کہ جس نے اچانک اونچی آواز میں میں گانا شروع کردیا۔جس پر سریش کمار برہم ہوکر چنتا رام کو پیٹا شروع کردیا۔اپنے بھائی کی مارپیٹ سے خوفزدہ چنتا رام نے ہاتھ میں کلہاڑی اٹھالی مگر سریش اس پر حاوی رہا اور اس کے پاس سے کلہاڑی واپس چھین لی۔

اس نے بھائی کو گھر کے باہر گھسیٹ کر لے گیا اور قریب کے ایک کھنبہ پر اس کو باندھ کر پہلے تو اس کے ہاتھ کاٹ دئے اور بعد میں عوام کے سامنے ہی اپنے بھائی کا مذکورہ کلہاڑی سے سرقلم کردیا۔

اپنے بھائی کا قتل کرنے کے بعد سریش نے خون میں لت پت کلہاڑی کے ساتھ منگچوا پولیس اسٹیشن میں خودسپردگی اختیار کی ۔ جہاں پر اسے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیاگیا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق دونوں بھائی میں لڑائی ایک عام بات تھی ‘ سریش ہر وقت کافی برہم رہتا تھا ۔ اس نے مداخلت کرنے والوں کو بھی قتل کردینے کی دھمکی دی تھی۔