کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج راجستھان میں کسان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں تبدیلی ہو رہی فضا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’تین ریاستوں میں انتخابات کے جو نتائج برآمد ہوئے ہیں اس سے کسانوں کی طاقت کا اندازی مودی جی کو لگ گیا ہے اور اب عام انتخابات میں کسانوں کی طاقت کا اندازہ پورے ملک کو ہو جائے گا۔‘‘ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے کے لیے کسانوں، نوجوانوں اور مر د وخواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ پی ایم مودی نے بڑے بڑے وعدے ضرور کیے تھے لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ کانگریس نے اقتدار سنبھالتے ہی سب سے پہلے کسانوں کا قرض معاف کیا اور لوک سبھا انتخاب میں کامیابی ملنے کے بعد پورے مل کے کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔
اپنے خطاب کے دوران رافیل گھوٹالہ کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’56 انچ کا سینہ رکھنے والا چوکیدار لوک سبھا میں رافیل پر بحث کے دوران ایک منٹ کے لیے بھی حاضر نہیں ہوا۔ جنتا کی عدالت سے چوکیدار ڈر کر بھاگ گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’چوکیدار نے خاتون وزیر نرملا سیتارمن کو دفاع کے لیے بھیج دیا اور انھوں نے ڈھائی گھنٹے تک تقریر کی لیکن ہم نے ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا۔‘‘