حیدرآباد 29 ڈسمبر (ایجنسیز) حیدرآباد اسٹیٹ نظام ششم میر محبوب علی خان سے تعلق رکھنے والی شاندار ’رولس رائس سلور گھوسٹ تھرون‘ کار کو چومحلہ پیالس کے اندرون بعض شرپسندوں نے نقصان پہنچایا ہے جن کی شناخت نہیں ہوپائی۔ یہ گاڑی 1911 ء میں خاص طور پر کسٹمر کے آرڈر پر تیار کی گئی تھی جسے لندن ۔ اڈنبرا چیسی کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا اور اُس وقت اِس کے لئے 1.5 تا 2 لاکھ روپئے کی لاگت آئی تھی۔ اس واقعہ کے بارے میں جو دوشنبہ کو پیش آیا، جی کشن راؤ ڈائرکٹر چو محلہ پیالس نے کہاکہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگس کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ خاطیوں کی نشاندہی ہوجائے۔ میر محبوب علی خان کے انتقال کے بعد یہ گاڑی بتایا جاتا ہے کہ 1912 ء میں نظام سابع میر عثمان علی خاں کے نام منتقل کی گئی۔ اس گاڑی کی دیکھ بھال حیدرآباد اسٹیٹ ریلوے اپنے گیاریج میں کرتا رہا۔ یہ گاڑی صرف خصوصی مواقع کے لئے استعمال کی جاتی تھی، جو اس کی محض 356 میل ڈرائیونگ سے پتہ چل جاتا ہے۔ تاریخی نوعیت کی اس گاڑی کی موجودہ قیمت زائداز 20 کروڑ روپئے سمجھی جاتی ہے۔ یہ گاڑی طلائی پرزوں سے مزین ہے اور چاندی کا استعمال اُس کی چھت میں کیا گیا ہے۔ اس کار کو پھر ایک بار اس کے شاہانہ ڈھنگ میں واپس لایا جائے گا اور اِس ضمن میں اندور کے رانا مانویندر سنگھ بروانی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔