چودھری محبوب علی قیصر چیرمین حج کمیٹی آف انڈیا

سلطان احمد اور شیخ جینا وائس چیرمین منتخب
نئی دہلی، 24جون (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی رکن اور مشہورسیاسی اور سماجی رہنما چودھری محبوب علی قیصر کو آج حج کمیٹی آف انڈیا کا چیرمین منتخب کرلیا گیا۔ ٹی ایم سی کے لوک سبھا ممبراور سلطان احمد اور گوا حج کمیٹی کے چیرمین شیخ جینا کووائس چیرمین منتخب کیا گیا۔حج کمیٹی کے سربراہ کے انتخاب کے لئے آج یہا ں جواہر بھون میں منعقدہ انتخابی میٹنگ میں یہ انتخاب بیلیٹ پیپر کے ذریعہ عمل میں آیا۔چودھری محبوب علی قیصر کو دس اور ان کے حریف حاجی عنایت حسین قریشی کو چھ ووٹ ملے ۔ چودھری محبوب علی قیصر کے نام کی تجویز بہار حج کمیٹی چیرمین حافظ محمدالیاس عرف سنو بابو نے پیش کی تھی جس کی تائید کیرالہ سے رکن پارلیمنٹ ای ٹی بشیر احمد نے کی۔حاجی الیاس عرف سنو بابو نے بتایا کہ حاجی عنایت حسین قریشی کی حمایت میں مرکزی وزیر مملکت مختار عباس نقوی آئے تھے لیکن ممبروں کی اکثریت نے محبوب علی قیصر کو منتخب کیا۔