چندر شیکھر راؤ ‘ بے باک و دلدار چیف منسٹر ‘ اقلیتوں کے ہمدرد

درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ میں نیاز کے انتظامات کا جائزہ ۔ جناب محمد محمو د علی الحاج محمد سلیم و دوسروں کا دورہ
حیدرآباد 5 نومبر ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے آج کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کے حقیقی ہمدرد ہیںاور انہیں اولیا اللہ کے آستانوں سے عقیدت بھی ہے ۔ وہ مسلمانوں کی ترقی کیلئے بہت سنجیدہ ہیں اور مسلسل ترقیاتی اقدامات کر رہے ہیں۔ جناب محمود علی آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒکے احاطہ میںپریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ جناب محمود علی نے آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ پہونچ کر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کی جانے والی نیاز کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ چندر شیکھر راؤ 10 نومبر کو درگاہ جہانگیر پیراں ؒ میں 51 بکروں کی نیاز کرینگے ۔ اس ضمن میں انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کو انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ‘ صدر نشین وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم ‘ہاوز کمیٹی میناریٹی چیرمین و رکن اسمبلی بودھن جناب شکیل عامر ‘ رکن پارلیمنٹ محبوب نگر اے پی جتندر ریڈی ‘ رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو ‘ وقف بورڈ سی ای او ایم اے منان فاروقی ‘ ڈی ایم ڈبلیو رنگاریڈی شریمتی رتنا کلیانی ‘ ڈپٹی میئر حیدرآباد جناب بابا فصیح الدین ‘ جوائنٹ کلکٹر رنگاریڈی سندرابنار‘ وقف بورڈ کے رکن محمد وحید احمدایڈوکیٹ کے علاوہ وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار اور ریونیو حکام ‘ میناریٹی محکمہ کے علاوہ دیگر محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلی عہدیداروں نے درگا شریف کا دورہ کرتے ہوئے 10 ؍ نومبر کومجوزہ چیف منسٹر کے سی آر کی نیاز کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

درگاہ شریف کو ترقی کی سمت گامزن کرنے اور زائرین کو سہولت مہیا کرنے تریاقتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ درگاہ شریف پر بلالحاظ مذہب و ملت عقیدت مند اپنی منت لیکر آتے ہیں ۔ درگاہ شریف میں درکار عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا انہوں نے تیقن دیا ۔ صدر نشین وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ ایک بے باک اور دلدار چیف منسٹر ہیں ۔اقلیتوں سے ہمدردی اور ان کی ترقی کیلئے سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کرنے والا چیف منسٹر ہی تلنگانہ کو آئندہ ملے گا ۔ درگاہ شریف کی ترقی کیلئے اعلی عہدیدار کی نگرانی میں جامع منصوبہ تیار کیاگیا ہے ۔ منصوبہ کو عنقریب عملی جامہ پہنایا جائیگا ۔ انہوں نے درگاہ میں تمام بنیادی سہولتوں کو جلدپورا کرنے اور زائرن کو سہولت مہیا کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے ڈیولپمنٹ پراجکٹ میں مسجد کی توسیع کرنے ‘ درگاہ شریف کے مجاوروں کے مسئلہ کو حل کرنے اور دیگر عوامی سہولتوں کو پورا کرنے کا تیقن دیا ۔ جناب شکیل عامر بودھن ایم ایل اے نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کی فلاح و بہبودی اور ترقی کیلئے ہمیشہ کافی سنجیدہ رہے ہیں ۔ ترقیاتی منصوبہ کیلئے درکار فنڈ چیف منسٹر فراہم کرنے تیار ہیں ۔ ڈیولپمنٹ پراجکٹ و عمل آوری میں عوامی تعاون کو ضروری قرار دیا ۔ رکن پارلیمنٹ محبوب نگر اے پی جتندر ریڈی نے کہاکہ چندرشیکھرراؤ نے رکن پارلیمنٹ محبوب نگر کی حیثیت سے درگاہ شریف میں کئی مرتبہ زیارت کی ۔ اس دوران انہوں نے منت مانگی تھی کہ تلنگانہ ریاست حاصل ہونے پر درگاہ میں نیاز کریں گے ۔ اپنی منت کو پورا کرنے چیف منسٹر 10 نومبر کو درگاہ میں 51 بکروں کی نیاز کر رہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ درگاہ میں مجوزہ نیاز شریف کا چیف منسٹر کے سی آر کی تنخواہ سے اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ تمام قائدین نے درگاہ پر حاضری دیتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور چادرگل پیش کی ۔تلنگانہ کی ترقی اور چیف منسٹر کی بہتر صحت کیلئے دعاء کی گئی ۔ ٹی آر ایس قائدین ‘ وقف بورڈ عہدیداران درگاہ کے منتظم محمد محمود کے علاوہ مقامی قائدین موجود تھے ۔