چندر ا بابو نائیڈو کی دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات

مودی و کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی مہم سے اتفاق ۔ چیف منسٹر اے پی کا غلام نبی آزاد سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال

حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دہلی پہنچ کر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ قومی اور تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی اور کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے ایک دوسرے کی تائید و حمایت کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ کانگریس کے قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے پہلے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی جس میں قومی مسائل کے ساتھ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال عظیم اتحاد کی تشکیل نشستوں کی تقسیم پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ غلام نبی آزاد اور چندرا بابو نائیڈو یوتھ کانگریس میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ جنوبی ہند کی ریاستوں کی سیاست میں غلام نبی آزاد کو کافی اہمیت حاصل ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اچھے تعلقات ہیں۔ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر نائیڈو سے بات چیت کیلئے کانگریس ہائی کمان نے غلام نبی آزاد کو ذمہ داری دی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی کافی اہمیت دے رہی ہے، لیکن ہمارے جذبہ قربانی کا احترام کرنا بھی کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ کانگریس نے تلنگانہ میں تلگو دیشم کو 14 نشستیں چھوڑنے سے اتفاق کیا ہے، جبکہ تلگو دیشم آج بھی تلنگانہ کے 35 اسمبلی حلقوں پر فیصلہ کن موقف رکھتی ہیں۔ تلگو دیشم میں بھی کئی سینئر قائدین ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ ان سے انصاف کرنے کیلئے مزید 4 تا 6 نشستوں میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔ غلام نبی آزاد نے چندرا بابو نائیڈو کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان اور تلنگانہ کانگریس قائدین سے مشورہ کرتے ہوئے خوشگوار حل نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بعدازاں چندرا بابو نائیڈو نے کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ راہول گاندھی نے شال اُڑا کر ان کا استقبال کیا جواب میں چندرا بابو نائیڈو نے راہول گاندھی کو تحفے میں وینا پیش کیا۔ اس ملاقات میں تلگو دیشم آندھرا پردیش کے قائدین بھی موجود تھے۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی نے کانگریس یا کانگریس کی زیرقیادت حکومت تشکیل دینے پر وعدے کے مطابق آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا تیقن دیا۔ مودی کے خلاف نائیڈو کی شروع کردہ مہم کی مکمل تائید و حمایت کی۔ مودی کو دستور و جمہوریت دونوں کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے درمیان کچھ دیر کیلئے تلگو ریاستوں بالخصوص تلنگانہ کے انتخابات کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے تلگو دیشم کو دی جانے والی نشستوں میں چند نشستوں کا اضافہ کرنے پر بھی زور دیا جس پر راہول گاندھی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔