چندرابابو نائیڈو کی بہو برہمنی مرکز توجہ

تلنگانہ کی سرکردہ خاتون صنعت کار اپاسنا اور منچو لکشمی کی بھی چوٹی کانفرنس شرکت

حیدرآباد 28 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں آج سے شروع ہوئی عالمی بزنس چوٹی کانفرنس میں تلگو سیاستدانوں اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی تین خواتین مرکز توجہ رہیں جن میں چیف منسٹر آندھراپردیش و سربراہ تلگودیشم پارٹی چندرابابو نائیڈو کی بہو اور وزیر نارا لوکیش کی شریک حیات ہیرٹیج فوڈس کی ایگزیکٹیو ڈائرکٹر نارا برہمنی، فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے چرنجیوی کی بہو اور تلگو فلم اسٹار رام چرن کی شریک حیات اپولو فاؤنڈیشن کی وائس چیرپرسن اپاسنا، تلگو فلموں کے لیجنڈ ایکٹر موہن بابو کی دختر منچو لکشمی شامل ہیں۔ اس باوقار عالمی بزنس کانفرنس میں تینوں خواتین نے بحیثیت خاتون صنعتکار شریک ہوئیں۔ اس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی، وائٹ ہاؤز کی مشیر و صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کے علاوہ دنیا کے مختلف مقامات سے صنعتکاروں نے شرکت کی۔ نارا برہمنی نے اس کانفرنس کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے حیدرآباد کے برانڈ امیج میں مزید اضافہ ہوگا۔ یہ کانفرنس خواتین کو تجارت میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ وہ وینچر کیاپٹلٹ ہے۔ کئی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے کے لئے آگے آرہی ہیں۔ تجارت میں خواتین کا رول بڑھ جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اپولو فاؤنڈیشن کی وائس چیرپرسن اپاسنا نے اس کانفرنس کے لئے حیدرآباد کو میزبانی کا اعزاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ دونوں تلگو ریاستیں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی بزنس پالیسیاں سرمایہ کاروں کو اپنی جانب راغب کرنے میں متاثرکن ثابت ہورہی ہیں۔ بزنس میں خواتین کو مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ دنیا میں معاشی انقلاب برپا کرنے کی صلاحیتیں رکھتی ہیں۔ منچو لکشمی نے کہاکہ ایسے عالمی کانفرنس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ دنیا کے مشہور صنعتکاروں کو حیدرآباد نے اپنے خیالات اور نظریات پیش کرنے کا ایک پلیٹ فارم عطا کیا ہے۔ سب سے ملاقات کرنے اور بات کرنے کا سنہرا موقع ملا ہے۔