چرخہ سے متعلق گاندھی جی کا مکتوب 5000 ڈالرس میں نیلام ہوگا

بوسٹن ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ہاتھوں تحریر کیا گیا ایک مکتوب جس پر تاریخ درج نہیں ہے اور جس میں انہوں نے چرخہ کاتنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ مکتوب کو نیلام کرنے پر 5000 امریکی ڈالرس حاصل ہوں گے۔ امریکہ کی مشہور آر آر آکشن نے یہ بات بتائی۔ ’’باپو کی دعائیں‘‘ کے ساتھ اختتام پذیر مکتوب گجراتی زبان میں ہے جو کسی یشونت پرساد نامی شخص کو تحریر کیا گیا ہے۔ اپنے مکتوب میں گاندھی جی نے یہ بھی تحریر کیا ہیکہ ہم نے ملوں سے جو امیدیں لگا رکھی تھیں وہ بالآخر پوری ہوئیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ تم جو کہتے ہو وہ سچ ہے۔ سب کچھ دھاگوں پر منحصر ہے۔ یاد رہے کہ گاندھی جی چرخہ کاتنے کو انتہائی اہم تصور کیا کرتے تھے اور اسے معاشی آزادی کا نام دیا تھا۔ تحریک آزادی کے ایام میں گاندھی جی ہر ہندوستانی سے یہ کہا کرتے تھے کہ وہ ہر روز کچھ دیر چرخہ کاتتے ہوئے کھادی کا کپڑا خود تیار کریں۔ سودیشی تحریک کے دوران انہوں نے ہر ہندوستانی کو برطانیہ میں تیار کئے گئے کپڑے پہننے سے روکا تھا اور کہا تھا کہ انہیں کھادی پہننا چاہئے۔ آن لائن نیلام کا اختتام 12 ستمبر کو ہوگا۔