ایندھن کی قیمت میں اضافہ سے پریشان عوام کو ’راحت‘
نئی دہلی۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے پریشان شہریوں کو آج اس وقت بڑی ’راحت‘ ملی جب ان دونوں اشیاء کی فی لیٹر قیمت میں ’ایک پیسہ‘ کی ’بھاری‘ کمی کی گئی۔ گزشتہ 16 دن سے ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے بعد آج پہلی مرتبہ یہ کمی ہوئی ہے۔ لیکن اس معمولی کمی کے بارے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی تھی جب سرکاری ادارہ انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی) نے پہلے 60 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا جو گزشتہ سال وسط جون کے بعد سے ایک دن کے دوران کی جانے والی سب سے بڑی نظرثانی تھی۔ لیکن صرف دو گھنٹوں کے بعد ہی اس اعلان کو تکنیکی قیاس قرار دیتے ہوئے واپس لے لیا گیا تھا۔ یہ وضاحت کی کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ایک پیسہ کی کمی کی گئی ہے۔ ان دونوں اشیاء کی قیمتیں گزشتہ روز اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ دہلی میں فی لیٹر پٹرول 78.43 روپئے اور ڈیزل 69.31 روپئے میں فروخت کیا گیا تھا۔