رمضان میںغریبوں کی مدد کا جذبہ ، ہم تمام کیلئے ترغیب کی باعث:مودی کا من کی بات پروگرام
نئی دہلی ۔ /29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج من کی بات پروگرام میں مختلف عنوانات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران غریبوں کی امداد کا تصور عوام کیلئے باعث ترغیب ہے ۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی مساوات ، بھائی چارہ کی تعلیمات مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے عوام کو مساوات کی راہ پر چلنے کی تعلیم دی ہے ۔ غریبوں کی مدد کرنا خاص کر رمضان کے دوران خیرات کا جذبہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ ان کی زندگی سے سبق سیکھیں ۔ حضرت محمد ﷺ دو اصولوں علم اور خلاص کو عزیز رکھتے تھے ۔ وزیراعظم مودی نے مقدس ماہ رمضان کے موقع پر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ۔وزیر اعظم نے ملک کے طلبا و طالبات اور نوجوانوں سے ‘سوچھ بھارت سمر انٹرنشپ’ سے جڑنے اور سماج میں تبدیلی کا پیامبر بننے کی آج اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تین چار وزارتوں نے مل کر ‘سوچھ بھارت سمر انٹرنشپ 2018’ پروگرام شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج اور ملک کے لئے کچھ کر دکھانے کا جذبہ رکھنے والے کالج کے طلباء و طالبات، این سی سی، این ایس ایس اور نہرو یوا کیندر کے نوجوانوں کے لئے یہ سنہرا موقع ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے حفظان صحت کے لیے بھی طاقت ملے گی اور جب دو اکتوبر سے مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش منائی جائے گی، اس کے پہلے کچھ کرنے کا سکون بھی ملے گا۔ انھوں نے کہا”میں یہ بھی بتا دوں کہ جو اچھے سے اچھے انٹرن ہوں گے ، جنہوں نے کالج اور یونیورسٹی میں بہترین کام کیا ہوگا، ان سب کو قومی سطح پر ایوارڈ دئیے جائیں گے ۔ کامیابی سے مکمل کرنے والے ہر انٹرن کو ‘سوچھ بھارت مشن’ کی طرف سے ایک سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ جوا نٹرن اسے اچھی طرح سے مکمل کریں گے ، یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) ان کو دو کریڈٹ پوائنٹس بھی دے گا”۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں منفی ماحول پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے ۔ اس کے باوجود مثبت خبریں سننے سے نئی توانائی کی ترسیل ہوتی ہے ۔ لہذا ہم وطنوں سے اپیل ہے کہ وہ دوردرشن کے ‘گڈ نیوز انڈیا’ پروگرام ضرور دیکھیں۔