نئی دہلی : سوراج انڈیا پارٹی کے قومی صدر یوگیندر یادو نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم نریندر مودی صفائی ملازمین کے پیر دھونے کے بجائے اگر اپنے دل کا میل صاف کرلیتے تو زیادہ بہتر ہوتا ۔ اس طرح کے عمل سے کچھ ہونے والا نہیں ہے اس لئے وزیر اعظم لوٹا لے کر دھونا بند کریں کیونکہ عوام انہیں اپنے ووٹوں سے دھونے والی ہے ۔
نئی دہلی کے جنتر منتر پر آدی دھرم سماج آدھس بھارت کے زیر اہتمام ملک کے مختلف صوبوں سے آئے ایک روزہ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے یوگیندر یادو نے کہا کہ آج سے تقریبا ۷۰؍ سال پہلے ملک کے پہلے صدر جمہوریہ ڈاکٹر راجندر پرساد نے بنارس میں جاکر ایک برہمن کے پیر دھوئے تھے تو انہیں تنقیدو ں کا سامنا کرناپڑا ۔ یوگیندر نے کہا کہ یہاں میرا کہنا ہے کہ اگر اس دن ڈاکٹر راجندر پرساد نے کسی صفائی ملازمین کے پیر دھوئے ہوتے تو آج صفائی ملازمین کی یہ حالت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بڑی بڑی باتیں کرنے والے تعلیم یافتہ افراد جب کسی صفائی ملازمین کو دیکھتے ہیں انہیں گالیاں دیتے ہیں ۔
حالانکہ صفائی ملازمین صفائی کرتے وقت مر جائے تو سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ اس کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپے کا معاوضہ او ربچوں کی تعلیم مفت ہونی چاہئے مگر آج ایسا نہیں ہورہا ہے ۔ یوگیندر نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ صفائی ملازمین کو ڈرینج لائن میں اتارنا بند کریں اس کے بجائے نئی تکنیک کا استعمال کریں ۔ اور اگر کسی وجہ سے مین ہول میں اتارنا پڑے تو فائر بریگیڈ ملازمین کی طر ح سبھی قسم کی سہولتیں مہیا کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہیکہ فوج ، پولیس ملازمین کی طرح ہماری نوکری بھی مستقل کی جانی چاہئے۔ اس موقع پر آدی دھرم آدھس کے چیر مین درشن رتن بھارت نے ۱۳؍ نکاتی مطالبات پر مشتمل ایک یادداشت بھی پیش کیا ۔ اس میں سیور ملازمین کو مین ہول میں نہ اتارنا ، سیور سے نکلنے والی گیس کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ، ان سے بچنے کیلئے تربیت دینا، بھرتی کے وقت میڈیکل وغیرہ شامل ہے ۔