واشنگٹن ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج دعویٰ کیا کہ امریکہ میں پیدائش کے ساتھ ہی شہریت کا حق حاصل کرتے ہوئے غیرامریکیوں نے خوب فائدہ اٹھایا اور مراعات حاصل کیں جس کی وجہ سے ’’برتھ ٹورزم‘‘ کی صنعت پھلنے پھولنے لگی جس سے سب سے زیادہ فائدہ چینی شہریوں نے اٹھایا۔ ٹرمپ نے امریکہ کی اس پالیسی کو ’’دیوانگی‘‘ سے تعبیر کیا۔ برتھ ٹورزم دراصل اس عمل کے لئے استعمال کیا گیا ہے جہاں کوئی حاملہ خاتون (شادی شدہ) اپنے شوہر کے ساتھ یا کسی اور رشتہ دار کے ساتھ بچے کو جنم دینے کیلئے کسی دیگر ملک کا رخ کرتی ہے اور زیادہ تر معاملات میں ایسا ہوتا ہے کہ بچہ کو جنم دینے کے بعد خاتون اور اس کا شوہر یا رشتہ دار اپنے وطن واپس لوٹ جاتے ہیں۔ اپنے سخت امیگریشن موقف میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے اب ٹرمپ نے امریکہ میں پیدا ہونے والے غیرامریکی والدین کے بچوں کو ازخود امریکی شہریت دیئے جانے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہیکہ اس کی روک تھام کیلئے وہ ایک بار پھر حکم عاملہ کا راستہ اختیار کریں گے۔