پکوان گیس پر سبسیڈی سے بتدریج برخاستگی

حکومت کا ظالمانہ فیصلہ، لوک سبھا میں اپوزیشن کا احتجاج، واک آؤٹ
نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایل پی جی (پکوان گیس) پر دی جانے والی سبسیڈی کو بتدریج ختم کرنے حکومت کے فیصلے کو اپوزیشن جماعتوں نے ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس تجویز سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کے سی وینو گوپال (کانگریس) نے اس مسئلہ کو اُٹھاتے ہوئے کہاکہ اس سے عام آدمی بُری طرح متاثر ہوگا اور اس (سبسیڈی سے دستبرداری) کا اس لئے بھی کوئی منصفانہ جواز نہیں ہے جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے‘‘۔ سدیپ بندھوپادھیائے (ٹی ایم سی) نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ایل پی جی سلینڈر کی قیمتوں میں یہ اضافہ گزشتہ چھ سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ بندھو پادھیائے نے حکومت کے اس اقدام کو ’’مخالف فلاح و بہبود‘‘ قرار دیتے ہوئے حیرت کے ساتھ استفسار کیاکہ ان 2.5 کروڑ خواتین کا حشر کیا ہوگا جنھیں پکوان گیس کے مفت کنکشن دینے کی تجویز ہے۔ سریمتی ٹیچر (سی پی آئی ایم) نے کہاکہ حکومت کا یہ فیصلہ ظالمانہ ہے۔ این کے پریماچندرن (آر ایس پی) نے حکومت پر اس ضمن میں شفافیت سے گریز کا الزام عائد کیا اور کہاکہ یہ فیصلہ مارچ میں کیا گیا اور اب تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بعدازاں اپوزیشن جماعتوں نے اس مسئلہ پر حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔