پکوان گیس اور طیاروں کے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ

نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پکوان گیس میں آج سے فی سلینڈر 4.50 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے جولائی 2016ء میں ایل پی جی پر ہر ماہ قیمت بڑھاتے ہوئے اس پر دی جانے والی سبسیڈی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد ایل پی جی قیمت میں یہ 19 واں اضافہ ہے۔ علاوہ ازیں تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے مطابق طیاروں کے ایندھن جٹ فیول (اے ٹی ایف) کی شرحوں میں بھی 2 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اگست کے بعد یہ راست چوتھا اضافہ ہے۔ غیرسبسیڈی یافتہ ایل پی جی کی قیمت فی سلینڈر 93 روپئے اضافہ کے ساتھ 742 روپئے ہوگئی ہے۔ یکم ؍ اکٹوبر کو ایل پی جی سلینڈر کی شرحوں پر نظرثانی کرتے ہوئے فی سلینڈر 50 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے ساتھ اس کی قیمت 649 روپئے ہوگئی تھی۔ 14.2 کیلو کے سبسیڈی یافتہ ایل پی جی کی فی سلینڈر قیمت 4.50 روپئے کے اضافہ کے بعد 495.69 روپئے ہوگئی ہے۔ حکومت نے گذشتہ سال تیل کی تین سرکاری کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ آئندہ سال مارچ تک تمام سبسیڈیز کو ختم کرنے کیلئے قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ کیا جائے۔ اس ہدایت پر عمل آوری کے بعد ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں تاحال 76.51 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔