پٹہ دار پاس بکس کو آدھار سے مربوط کرنے کا فیصلہ

اراضی معاملتوں پر فوری تبدیلی ممکن ہوسکے گی ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت

حیدرآباد 23 فبروری ( پی ٹی آئی ) پٹہ دار ( اراضی ملکیت ) پاس بکس کی 11 مارچ کو اجرائی سے قبل چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان پٹہ دار پاس بکس کو اراضی مالکین کے آدھار نمبروں سے مربوط کیا جائیگا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اراضیات کو بے نامی سمجھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جن کسانوں کو اراضیات الاٹ یا مختص کی گئی ہیں انہیں بھی دوسرے کسانوں کی طرح ہی پٹہ دار پاس بکس جاری کی جانی چاہئے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ اعلامیہ کے بموجب حکومت تلنگانہ اراضی ریکارڈز کو درست اور بہتر رکھنے کیلئے بینکس کی طرح کے نظام کو اختیار کر رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ملک کی کسی بھی ریاست میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایسا طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس نظام کو متعارف کروائے جانے سے کسی بھی معاملت کی صورت میں اراضی ریکارڈز میں فور ی تبدیلی درج کی جاسکتی ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ جو اراضیات استفادہ کنندگان کے قبضہ میں ہیں ان کی شناخت کی جانی چاہئے اور ان کی ملکیت کو بالکل واضح کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاس بکس میں مالکین کے نام شامل کئے جانے چاہئیں۔ اگر ایک کسان گاوں میں اراضی رکھتا ہے اور اگر وہ کسی غیر زرعی اراضی کا مالک ہے تو وہ بھی اس میں درج ہونا چاہئے ۔ اس کیلئے پاس بک میں اضافی کالم ہونا چاہئے ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ میڑچل ‘ رنگا ریڈی اور کچھ دوسرے اضلاع میں کچھ لوگوں نے اپنے آدھار کارڈز ان ریکارڈز سے مربوط نہیں کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے ان افراد سے ایسا فوری کرنے کو کہا ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ضلع کلکٹرس سے بات کریں اور انہیں درکار تمام اطلاعات حاصل کریں ۔ جن کسانوں کو اراضیات الاٹ کی گئی ہیں ان کی ملکیت کو بھی ان پاس بکس میں واضح کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان پاس بکس کسی طرح کی غلطیاں یا خامیاں نہ رہ جائیں کیونکہ جلد بازی میں کام کرنے سے غلطیوں کا احتمال رہتا ہے ۔