نئی دہلی۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت میں آج 89 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 49 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔ یہ گذشتہ دو ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پہلی کمی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 16 جون کو 5 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 1.26 روپئے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ یکم ؍ مئی کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چار مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ جملہ اضافہ 4.52 روپئے فی لیٹر پٹرول اور 7.72 روپئے فی لیٹر ڈیزل میں اضافہ ہوا تھا۔ بین الاقوامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روپئے اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ میں کمی کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فروخت میں کمی ضروری ہوگئی تھی جس کا فائدہ قیمت میں کمی کے ذریعہ صارفین تک پہنچایا گیا ہے۔ ہندوستان کی سب سے بڑی خام تیل کمپنی انڈین آئیل کارپوریشن نے آج اس کا اعلان کیا۔