پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کانگریس کااحتجاج

ممبئی ۔ 30جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کارکنوں نے آج چرچ گیٹ ریلوے اسٹیشن جنوبی ممبئی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر برہمی ظاہر کی۔ ممبئی سٹی یونٹ صدر سنجے نروپم کی زیرقیادت کانگریس ورکرس نے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں کمی کامطالبہ کیااور گڈس اینڈ سرویس ٹیکس کے تحت ان اشیاء کو لانے پر بھی زور دیا۔ نروپم نے کہاکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے لیکن ملک میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ، خاص کر ممبئی میں پٹرول فی لیٹر 80.80 روپئے فروخت کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل فی لیٹر 68 روپئے میں فروخت ہورہا ہے ۔ انھوں نے مرکز کی این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے عام آدمی کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ 2014ء کے انتخابات سے قبل بی جے پی نے عوام سے کئی وعدے کئے تھے ۔ نروپم نے مہاراشٹرا حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ پٹرولیم اشیاء کو جی ایس ٹی کے تحت لائے ۔ احتجاج کے دوران کانگریس کارکنوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے اور پلے کارڈس لہراتے ہوئے مظاہرہ کیا۔