پٹرول و ڈیزل قیمتوں میں اضافہ کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی انیل کمار یادو کی قیادت میں یوتھ کانگریس قائدین و کارکنوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے خلاف آج بشیر باغ چوراہے پر بطور احتجاج کار کو رسیوں سے کھینچتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انیل کمار یادو نے کہاکہ عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت فی بیارل 78 ڈالر ہے لیکن حیدرآباد میں 84.09 پیسے فی لیٹر پٹرول فروخت کیا جارہا ہے جبکہ دہلی میں 86 روپئے فی لیٹر پٹرول فروخت کیا جارہا ہے۔ جو غریب و متوسط طبقہ پر بھاری مالی بوجھ ہے۔ یو پی اے دور حکومت 2014 ء کے دوران عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت فی بیارل 140 ڈالر تھی تاہم عوام کو صرف 64 روپئے فی لیٹر فروخت کیا گیا تھا۔ انتخابات میں پٹرولیم اشیاء کو کنٹرول کرنے کا وعدہ کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی تیل کی کمپنیوں کو فائدہ پہونچانے کیلئے غریب اور متوسط طبقہ پر مالی بوجھ عائد کررہے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ انیل کمار یادو نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے ’ون نیشن ون ٹیکس‘ کا نعرہ دیا گیا مگر پٹرولیم اشیاء کو جی ایس ٹی کے دائرے کار میں شامل نہ کرتے ہوئے خود اپنے نعرے کی مخالفت کرنے کا الزام عائد کیا۔ غریب اور متوسط طبقہ کو راحت فراہم کرنے کے لئے پٹرول اور ڈیزل کو فوری جی ایس ٹی میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے احتجاج سے تھوڑی دیر کے لئے بشیر باغ پر ٹریفک جام ہوگئی تاہم پولیس نے انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے یوتھ کانگریس قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے انھیں عابڈس پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔