سخت حفاظتی انتظامات، دنیا بھر اور ارض مقدس میں عیسائیوں کی ایسٹر تقاریب
وٹیکن سٹی ؍ یروشلم 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسیس نے آج ایسٹر کے اتوار کی عبادت سینٹ پیٹرس چوراہے میں کھلے مقام پر کی جہاں لاکھوں عیسائی صبر و سکون کے ساتھ سخت صیانتی انتظامات کے دوران اُن کی تقریر سننے جمع تھے۔ پولیس تمام ہینڈ بیاگس اور پیٹھ پر لادے جانے والے سیاحوں کے بیاگس کی تلاشی لے رہی تھی۔ زائرین، رومن شہریوں اور صحافیوں کا ایک ہجوم سینٹ پیٹرس چوک کی جانب رواں دواں تھا جہاں دوپہر کے وقت پوپ حاضرین کو آشیرواد دیں گے اور اپنی تقریر میں عالمی اُمور پر اظہار خیال کریں گے۔ برسوں تک سوشیل میڈیا پر اسلامی جہادی وٹیکن سٹی اور روم کو اپنے امکانی اہداف کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں، یہ ملک اور شہر رومن کیتھولک گرجا گھر کا ہیڈکوارٹر سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتہ پوپ فرانسیس دو مرتبہ برسر عام دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرچکے ہیں جو خدا کے نام پر کی جارہی ہیں۔ پوپ مقدس اتوار کو قربان گاہ پر جو سینٹ پیٹر گرجا گھر کی سیڑھیوں پر قائم کیا گیا تھا، نومولود عیسائی بچوں کو بپتسمہ دینے والے ہیں۔ یروشلم سے موصولہ اطلاع کے بموجب ارض مقدس اور دنیا بھر کے عیسائیوں نے آج ایسٹر تقاریب منائیں۔ عیسائیوں کے عقیدہ کے مطابق جیسس مصلوب کئے جانے کے بعد اِسی دن 2000 سال قبل یروشلم میں واپس آئے تھے۔ مقدس گرجا گھر یروشلم میں واقع ہے جہاں آج عیسائیوں کا ہجوم تھا۔ عیسائی عقیدے کے مطابق یہیں پر جیسس کو مصلوب کیا گیا اور دفن کیا گیا تھا اور یہیں پر وہ واپس بھی آئے تھے۔ توقع ہے کہ بعدازاں بیت اللحم کے مولود مسیح گرجا گھر میں خصوصی عبادت کی جائے گی۔ عیسائیوں کے عقیدے کے مطابق جیسس کی ولادت اِسی مقام پر ہوئی تھی۔ پوپ نے اِس موقع پر اُمید ظاہر کی کہ اِس انتہائی پُرمسرت تقریب کے موقع پر بیلجیم پر حملوں کی مذمت ضروری ہے۔