روم ۔ 31 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسیس نے روم کی جیل کا دورہ کرکے وہاں مقید مسلم قیدیوں کے پیر دھوئے ۔ پوپ نے جمعرات کو روم کی جیل کا دورہ کیا اور وہاں محروس قیدیوں سے ملاقات کی ۔ انھوں نے دو مسلمانوں کے بشمول آرتھوڈکس ، کرسچن اور ایک بدھسٹ قیدی کے بھی پیر دھوئے ۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنی زندگی میں تبدیلی لانے کا ہمیشہ موقع دیا جانا چاہئے ۔ پانچ سال کی میعاد میں یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ پوپ نے اٹلی کی جیل میں ہوئی اس تقریب میں حصہ لیا۔ انھوں نے کہاکہ میرے لئے یہ دورہ خوشی کا باعث ہے۔ مریضوں کی عیادت کرنا ، قیدیوں سے ملاقات کرنا اور قیدیوں کو یہ احساس دلانا کہ ان کی بازآبادکاری کی اُمید پائی جاتی ہے ، یہی چرچ کی تعلیمات ہیں۔ اس سال پوپ فرانسیس نے 12قیدیوں کے پیر دھوئے جن کا تعلق اٹلی ، فلپائن ، مراکو ، کولمبیا ، مولڈور ، سیرالیون ، اور نائجیریا سے ہے ۔ 2013 ء میں اپنے انتخاب کے بعد سے پوپ پیر دھونے کی تقریب میں حصہ لیتے رہے ہیں ۔
دنیا کو درپیش موجودہ حالات پرپاپائے روم نادم
روم ۔ 31 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے گڈ فرائیڈے کے روز اپنے پیغام میں دنیا کو درپیش موجودہ حالات پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ 81 سالہ پوپ کے بقول یہ بہت ہی شرم کی بات ہے کہ بزرگ نسل اپنے پیچھے نوجوانوں کے لیے ایک ایسی دنیا چھوڑ کر جارہی ہے، جہاں تقسیم، جنگ اور مطلب پرستی کا دور دورہ ہے۔ پاپائے روم نے اس صورت حال پر معافی کی درخواست بھی کی۔ پوپ فرانسس کے مطابق آج کی دنیا میں نوجوان، بیمار اور بزرگ انسان اپنے اپنے معاشروں کے مرکزی دھاروں سے کٹ چکے ہیں۔ اطالوی دارالحکومت روم کے قدیم کولوسیم میں پوپ کے اس خطاب کے موقع پر بیس ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔