پوٹن کی امریکی انتخابات میں مداخلت کی تردید‘ ٹرمپ

ہنوئی 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ان سے کہا کہ انہوں نے امریکی انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں کی ہے ۔ ٹرمپ کے ماسکو سے تعلقات ان کے دور صدارت کے پہلے سال میں مسئلہ بنے رہے اور ان کے کلیدی حامیوں کو امریکہ میں تحقیقات کا بھی سامنا ہے ۔ ٹرمپ کی مہم کے سابق صدر نشین پال منافورٹ اور ان کے ایک ساتھی مختلف الزامات پر گھروں پر نظربند کردئے گئے ہیں ۔ امریکی صدر کی پوٹن سے اپیک چوٹی کانفرنس کے دوران دو تا تین موقعوں پر مختصر بات چیت ہوئی ہے ۔ ٹرمپ نے ائرفورس ون پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پوٹن نے ان سے کہا کہ انہوں نے انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں کی ۔ میں نے ان سے دوبارہ پوچھا جب بھی ان کا جواب یہی تھا ۔ ٹرمپ نے بتایا کہ پوٹن کا جواب تھا کہ آپ چاہے جتنی بار بھی سوال کریں ان کا جواب یہی ہے کہ انہوں نے انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوٹن نے ہر مرتبہ ان الزامات کی نفی کی ہے ۔