ماسکو۔6مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج اپنی چوتھی مدت صدارت کے لیے حلف اٹھائیں گے، یوں وہ2024ء تک روسی صدر کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ پوٹن اپنی نئی مدت صدارت کے دوران اپنے قریبی حکومتی حلقوں میں کئی تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی طرف سے دی جانے والی مظاہروں کی کال پر ہفتے کے روز ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے جس دوران 1600سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔جن میں اپوزیشن قائد ناوالنی بھی شامل ہیں ۔ پولیس اور نیم فوجی فورسیس نے ملگ گیر سطح پر پوٹن مخالف جلوسوں کے دوران کارروائی کی تھی اور کارکنوں کو جو احتجاجی مظاہرہ میں شامل تھے گرفتار کرلیا تھا ۔ پوٹن روس پر گذشتہ 18سال سے برسراقتدار ہیں اور انہوں نے اپنی آخری میعاد میں روسی کے ساتھ یوکرین کا الحاق کرلیا ہے اور شام میں ایک فوجی مہم کا آغاز کیا جو بشارالاسد کی حکومت کی تائید میں ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا ہے کہ وہ اپنی آئندہ میعاد کے دوران عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں گے لیکن وہ جانشینی کے مسئلہ پر خاموش ہیں ۔ حالانکہ ملک میں اس کے بارے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ روس کے دستور کے مطابق وہ 2024ء کے بعد اپنی چوتھی میعاد کیلئے مقابلہ میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ پوٹن نے معیشت کی بقاء کیلئے سخت جدوجہد کی ہے جب کہ ماسکو مغربی ممالک کی تحدیدات سے سخت متاثر تھا ۔ 2014ء میں یوکرین کے روس میں الحاق کے بعد عالمی سطح پر اُن کے ملک پر تحدیدات عائد کردی گئی تھیں ۔ اس کے بعد 2016ء میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی پیدا ہوئی ‘ اس کے باوجود انتخابات میں اُن کی کامیابی پر کسی نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا لیکن روس کے عوام کو ان کے جانشین کے بارے میں شدید تشویش ہے ۔ 2012ء میں پوٹن کے خلاف ان کی میعاد کے آغاز میںاحتجاجی مظاہرے ہوئے تھے ۔ احتجاج کے قائد ناوالنی تھے جنہیں پوٹن کو انتخابات میں چیلنج کرنے سے روک دیا گیا تھا ۔ انہوں نے ملک گیر سطح پر ہفتہ کے دن احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی ۔پیرس میں مقیم تجزیہ نگار تاتیانااستانوایا نے کہا کہ ماسکو میں سیاسی ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف صدرروس کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی ناراضگی کو طاقت کے زور پر کچل دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر روس ایسی سرخ لکھیر کھینچنا چاہتا ہیں جس کو پار نہ کیا جاسکے ۔ احتجاجی مظاہرین نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ان کی گرفتاریوں سے مقدمات کی ایک لہر شروع ہوجائے گی ۔ اور ان کے اندیشے درست ثابت ہورہے ہیں ۔