میلاد جلوس کے راستوں کا معائنہ ایک ہزار پولیس ملازمین تعینات
حیدرآباد ۔ یکم / ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر نکالی جانے والی ریالیوں کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں ، اس سلسلے میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے پرانے شہر کا موٹر سائیکل پر دورہ کرتے ہوئے سکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر پرانے شہر میں ہزار سے زائد پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے جس میں ریاپڈ ایکشن فورس کی کمپنی اور تلنگانہ اسپیشل پولیس فورس بھی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس نے آج دوپہر تاریخی چارمینار سے ان راستوں کا دورہ کیا جہاں سے کل میلاد جلوس گزرے گا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ماتحت پولیس عہدیداروں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور بندوبست کے خاکے کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پرانے شہر سے دو ریالیاں نکالی جائیں گی ۔ پہلی ریالی صبح 7.00 بجے سنی دعوت اسلامی کی جانب سے مکہ مسجد کے قریب سے نکالی جائے گی جبکہ دوپہر 2 بجے سنی یونائیٹیڈ فورم آف انڈیا کی زیرقیادت ریالی نکالی جائے گی ۔ ان ریالیوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ پرانے شہر میں نکالے جانے والے میلاد جلوس میں شہر کے اطراف و اکناف علاقوں شاہین نگر ، پہاڑی شریف ، حسن نگر اور کشن باغ علاقوں سے بھی چھوٹی چھوٹی ریالیاں نکالی جائیں گی جو مرکزی میلاد جلوس میں مل جائیں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے مختلف مقامات سے 60 چھوٹی ریالیاں نکالے جانے کی اطلاع ہے ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سرینواس راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام پولیس عہدیداروں کو ریالی کے دوران عوام سے تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریالی کے دوران پولیس کا تعاون کریں اور متعینہ راستوں سے ہی ریالیاں نکالیں اور موٹر سائیکلیں تیز رفتار سے نہ چلائیں ۔ اس سلسلے میں ٹریفک ونگ نے بھی بعض علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے ٹریفک کا رخ موڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریالی کے دوران بی بی بازار چوراہا ، کوٹلہ عالیجاہ ، اعتبار چوک ، لکڑ کوٹ اور سالارجنگ روٹری کی سمت جانے والی ٹریفک کا رخ موڑ دیا جائے گا ۔