پولیس کانسٹبل کے پیٹ سے40چاقو برآمد آپریشن کے بعد مریض روبہ صحت

امرتسر۔/23اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام) ایک غیر معمولی واقعہ میں ایک پولیس کانسٹبل کے پیٹ سے تقریباً40 چاقو، آپریشن کے ذریعہ نکالے گئے جس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ چاقو نگلنے سے اسے سکون محسوس ہوتا ہے۔5 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے 40سالہ سرجیت سنگھ کی تقریباً 5گھنٹوں تک سرجری کی جو کہ پنجاب پولیس کا ملازم ہے اور فی الحال ضلع ترن تارن میں برسر خدمت ہے۔ کارپوریٹ ہاسپٹل کے منیجنگ ڈائرکٹر جتندر ملہوترہ نے بتایا کہ سرجیت سنگھ نے پیٹ میں درد اور حد سے زیادہ وزن کی شکایت کی تھی جس کے مختلف طبی معائنے بشمول انڈوسکوپی اور سی ٹی اسکان کروائے گئے۔ ابتداء میں کینسر کا شبہ کیا گیا بعد ازاں مزید جانچ پڑتال میں پیٹ میں دھاتی اشیاء پائی گئیں جس کے باعث جگر، گردے اور دیگر اعضاء متاثر ہوگئے۔ آپریشن کے بعد جتندر سنگھ روبہ صحت ہوگیا ہے۔ جس نے بتایا کہ گذشتہ 2ماہ کے دوران 40 چاقو نگلے ہیں جبکہ وہ گذشتہ ایک سال سے نفسیاتی مسائل سے دوچار ہے۔