نئی دہلی۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 52 ویں برسی کے موقع پر قوم نے انہیں وزیراعظم اور نریندر مودی نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری اور دیگر سرکردہ قائدین کے ساتھ پراثر خراج عقیدت ادا کیا۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’ہمارے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں‘‘ حامد انصاری نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور دیگر قائدین کے ساتھ آج صبح جمنا ندی کے کنارے نہرو کی یادگار شانتی ون پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانگریس کے قائدین شیلا ڈکشٹ اور اجئے ماکن بھی اس موقع پر پنڈت نہرو کی یادگار پر پھول چڑھانے والوں میں شامل تھے۔ پنڈت نہرو جو 14 نومبر 1889 ء کو پیدا ہوئے تھے 20 ویں صدی میں جدوجہد آزادی کے انتہائی سرکردہ قوم پرست قائدین میں شمار کئے جاتے تھے اور آزادی ہند کی تحریک میں وہ مرکزی کردار رہے۔ آزادی کے بعد وہ اس ملک کے پہلے وزیراعظم منتخب ہوئے اور 27 مئی 1964ء کو انتقال تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ پنڈت نہرو کو جدید ہندوستان کا معمار مانا جاتا ہے بالخصوص ملک کی صنعتی، خارجہ ، معاشی اور زرعی پالیسی مرتب کرنے میں ان کا نمایاں رول رہا ہے۔