پنجاب میں پاکستان کا پرچم نذرآتش

جموں کشمیر میں سیکوریٹی فورسیس پر حملہ کیخلاف شیوسینا کا احتجاج
بھگواڑہ  ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے کارکنوں نے آج پنجاب کے قومی شاہراہ پر مبینہ طور پر پاکستانی پرچم نذرآتش کردیا۔ یہ لوگ جموں کشمیر میں سیکوریٹی فورسیس پر دہشت گرد حملوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ شیوسینا کے ریاستی نائب صدر اندرجیت کروال کی قیادت میں احتجاجیوں نے ہنومان گڑی مندر سے مارچ نکالا اور قومی شاہراہ نمبر ایک پر جمع ہوئے جہاں انہوں نے شوگر مل کراسنگ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شیوسینا کے پرچم کو لہراتے ہوئے ان کارکنوں نے مبینہ طو رپر پاکستان کے خلاف نعرے لگائے اور مرکز کے علاوہ جموں کشمیر حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ احتجاجی کارکنوں نے ڈی سی پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کا پتلا بھی نذرآتش کردیا۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے آئی ایس آئی کی اسپانسر کردہ دہشت گردی سے حملہ کئے جارہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت پاکستان کے ساتھ نرم معاملہ رکھتی ہے۔ ریاستی حکومت کو بچانے کیلئے وہ دہشت گرد حملوں کو نظرانداز کررہی ہے۔ ہماری فوج اور نیم فوجی جوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ ہندوستان کو غیرمستحکم کیا جاسکے۔