پناہ گزین ہمارے لئے سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ اہم نہیں : ٹرمپ

واشنگٹن ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر کے عہدے کے لیے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اکثر غیر قانونی پناہ گزینوں کا خیال سابق امریکی فوجیوں سے زیادہ رکھا جاتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان واشنگٹن میں بائکرز کی ریلی کے دوران دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اب مزید ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘ اپنے اس دعوی کے حوالے سے ڈونالڈ ٹرمپ نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ گذشتہ سال ٹرمپ نے سابق جنگی قیدی سینیٹر جان مک کین کے ملٹری ریکارڈ پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر مک کین کو صرف اس لیے ہیرو کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ویتنام جنگ کے دوران جنگی قیدی تھے۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو پکڑے نہیں گئے۔  اس بیان کے بعد سے ڈونالڈ ٹرمپ جو کبھی بھی فوج میں نہیں رہے اپنے بیان سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے اپنی ریلیوں میں سابق فوجیوں کو عزت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے فنڈز بھی اکھٹا کرتے رہے ہیں۔ ان کا یہ تازہ بیان اتوار کو سالانہ رولنگ تھنڈر موٹر سائیکل ریلی کے دوران سامنے آیا ہے۔ ریلی میں موجود بہت سے لوگوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ ان میں سے 52 سالہ لوئس نیمک کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ کے بارے میں جو بات مجھے پسند ہے وہ یہ کہ وہ ہم میں سے ہیں، وہ سیاستدان نہیں ہیں۔‘ واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے عہدے کے لیے رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے بیانات پر عالمی رہنماؤں کا شور مچانا جائز ہے۔ جاپان میں امیر ترین ممالک کے گروپ جی سیون کی سربراہ کانفرنس کے موقعے پر بات کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا تھا کہ مسٹر ٹرمپ نے عالمی امور پر کم علمی کا مظاہرہ کیا ہے۔