نیویارک ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے چلائی جانے والی تحریک کی روح رواں اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے پناہ گزینوں سے متعلق حکمنامہ جاری کرنے پر انھیں (ملالہ ) شدید دلی صدمہ ہوا اور ٹرمپ سے اپیل کی کہ اس وقت مسلمان پناہ گزین ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں اُن کی مدد کرنے والا کوئی نہیں اور نہ ہی وہ اپنی دفاع کے موقف میں ہیں۔ ملالہ نے کہاکہ انھیں بیحد دلی صدمہ ہے کہ نئے امریکی صدر ایسے مسلمان بچوں اور اُن کے والدین کے لئے راستے بند کررہے ہیں جو تشدد سے فرار حاصل کرنے دنیاکی مختلف ممالک کا رُخ کررہے ہیں ۔ جنگ نے پناہ گزینوں کو بیحد نقصان پہنچایا ہے اور وہ لوگ دربدر بھٹک رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 19 سالہ ملالہ کو 2012 ء میں طالبان نے اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جب اُس نے لڑکیوں کی تعلیم کی وکالت کی تھی ۔ ٹرمپ کے متنازعہ حکمنامہ پر دستخط کرنے کے کچھ دیر بعد ہی ملالہ نے اپنا بیان جاری کیا تھا جس میں اُس نے مزید کہاکہ اس وقت ٹرمپ کو بے یار و مددگار پناہ گزینوں کی جانب سے منہ نہیں موڑنا چاہئے کیونکہ متعدد خاندان اور اُن سے وابستہ بچے اس وقت مدد کے طلبگار ہیں۔