پلوامہ میں مسلح تصادم، جیش محمد کا ڈویژنل کمانڈر ہلاک

 

سری نگر26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں جیش محمد کے ڈیژنل کمانڈر کو ہلاک کیا گیا ہے ۔نور محمد تانترے عرف نور ترالی نامی یہ قریب تین فٹ قد کا جنگجو جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کیلئے درد سر بن کر رہ گیا تھا اور متعدد مرتبہ سیکورٹی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔پلوامہ کے سامبورہ (پانپور) میں ہونے والے اس مسلح تصادم کے دوران جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے ۔ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘پیر کی رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم قریب آٹھ گھنٹے تک جاری رہا۔ دو جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں’۔چھوٹے قد کے معروف جیش محمد جنگجو کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سرینگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر ریل خدمات معطل جبکہ ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئیں۔جنگجو کی ہلاکت کیخلاف ضلع کے مختلف حصوں میں منگل کو ہڑتال رہی جسکے دوران احتجاجیوں کی فوج کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے حفاظتی بندشیں توڑتے ہوئے آری پل (پلوامہ) کے ڈار گنائی گنڈنامی گاؤں میں نور محمد تانترے کے جلوس جنازہ میں شرکت کی۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے بتایا کہ ہمیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تین جنگجوؤں پر مشتمل ایک گروپ ضلع پلوامہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ انجام دینے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔انہوں نے بتایا ‘اس خفیہ اطلاع کی بناء پر ریاستی پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز (آر آر) اور سینٹرل ریزرو پولیس (سی آر پی ایف) نے سامبورہ میں گذشتہ رات قریب ساڑھے بارہ مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا’۔ایس پی وید نے کہا کہ جب سیکورٹی فورسز مذکورہ گاؤں میں ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا ‘سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا’۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جس رہائشی مکان میں جنگجو محصور تھے ، کو منگل کی صبح دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا ‘مکان کے ملبے تلے ایک جنگجو کی لاش برآمد کی گئی۔ باقی جنگجواندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ‘۔بعدازاں مارے گئے جنگجو کی شناخت جیش محمد کے ڈویژنل کمانڈر نور محمد تانترے عرف نور تانترے کے بطور کی گئی۔ 47 سالہ تانترے جس کا قد محض تین فٹ تھا، جنوبی کشمیر میں فوج کے لئے درد سر بن گیا تھا۔ سیکورٹی اداروں کاماننا ہے کہ نور تانترے جنوبی کشمیر میں ہونے والے حالیہ حملوں میں ملوث تھا۔نور تانترے کو سال 2003 ء میں دہلی پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد پوٹا عدالت نے اسے سال 2011 میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ نور تانترے کو بعدازاں پیرول پر رہا کیا گیا لیکن اس نے معمول کی زندگی گذارنے کے بجائے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اگرچہ سیکورٹی فورسز نے آری پل کے ڈار گنائی گنڈنامی گاؤں میں نور تانترے کے جلوس جنازہ میں لوگوں کی بھاری شرکت روکنے کے لئے اس کی طرف آنے والی تمام سڑکیں سیل کیں، لیکن لوگوں نے یہ پابندیاں توڑنے ہوئے بڑی تعداد میں جلوس جنازہ میں شرکت کی۔ نور تانترے کی ہلاکت کے خلاف ضلع پلوامہ کے مختلف حصوں میں منگل کو ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔اس دوران سامبورہ اور کاکہ پورہ میں احتجاجی نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں کیں۔ ریل انتظامیہ نے مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر جنوبی کشمیر سے گذرنے والی ریل سروس منگل کو معطل رکھی۔اس کے علاوہ ضلع پلوامہ میں افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ دریں اثنا ریاستی پولیس کی جانب سے سامبورہ مسلح تصادم کے حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے جیش محمد کمانڈر نور محمد تانترے کو ایک مشترکہ آپریشن میں ہلاک کیا۔نور تانترے کو سال 2003 میں نئی دہلی میں ایک کیس میں قصوروار پایا گیا۔

دراندازی کی کوشش ناکام، تین پاکستانی فوجی ہلاک
جموں26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فوج نے جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں ہندوستان-پاکستان سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام کر دیا گیا اور فائرنگ میں پاکستان کے تین فوجیوں مارے گئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق-”کل شام کو تقریبا چھ بج کر 15 منٹ پر پونچھ کے راکھ چکري علاقے میں سرحد پر کچھ مشکوک سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ اس کے بعد ان کے فوجیوں نے ہی ان لوگوں پر گولیاں چلانی شروع کر دی”۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد کو فائرنگ کرکے پیچھے دھکیل دیا گیا اور پاکستان کے تین فوجی بھی ڈھیر ہو گئے ۔ فوجی ذرائع نے کہا”اپنی ہی فوج کی فائرنگ میں پاکستان کے تین فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا”۔قابل ذکر ہے کہ راجوری کے نوشیرہ سیکٹر میں پاکستان کی اکسانے کے تحت کی جانے والی فائرنگ میں ہفتہ کو ایک میجر سمیت ہندوستانی فوج کے چار جوان شہید ہو گئے تھے ۔