پلوامہ میں تشدد، لکچرر ہلاک، وادی میں کرفیو برقرار

سرینگر ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقہ کھرو میں تلاشی مہم کی مخالفت کرنے اور سیکوریٹی فورسیس اور احتجاجیوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں ایک لکچرر ہلاک اور دیگر 18 زخمی ہوئے۔ یہاں کرفیو برقرار ہے اور گذشتہ 4 دن سے پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شبیر احمد مونگا جو کالج میں لکچرر تھے، کل رات اس وقت ہلاک ہوئے جب انہیں کئی افراد نے زدوکوب کیا تھا۔ دیگر 18 افراد جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں، کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق فوج نے نوجوانوں کی تلاش کیلئے گھر گھر تلاشی مہم شروع کی تھی۔ فوج ان نوجوانوں کو ڈھونڈ رہی ہیں جو اس علاقہ میں احتجاج کے ذریعہ تشدد بھڑکا رہے تھے۔ اس دھاوے کی مخالفت کرتے ہوئے مقامی افراد فوج کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اس دھینگامشتی میں 30 سالہ لکچرر ہلاک ہوا۔ فوجی عہدیدار نے کہا وہ اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات اکھٹا کررہے ہیں۔