ایک پاکستانی سمیت مہلوکین کی مزمل احمد ڈار ، وسیم اکرم وانی ، مزمل نذیر بھٹ کی حیثیت سے شناخت ، 16 شہری زخمی
سرینگر ۔ /29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سکیورٹی فورس کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں آج پاکستان سے تعلق رکھنے والا ایک مشتبہ عسکریت پسند سمیت جیش محمد کے 4 عسکریت پسند ہلاک ہوئے اور16 شہری زخمی بتائے گئے ہیں ۔ اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خصوصی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورس نے سارے علاقہ کو گھیر لیا اور بڑے پیمانہ پر دھاوے کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کی ۔ صبح سے ہی سکیورٹی فورس کے جوان شدید سردی اور منجمد فضاء میں بھی گھر گھر تلاشی لیتے رہے ہیں ۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ جب سکیورٹی جوان گھروں میں تلاش لے رہے تھے اسی وقت ر وپوش عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کی ۔ جوابی کارروائی میں سکیورٹی فو رسس نے بھی فائرنگ کی جو انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگئی جس میں چار عسکریت پسند مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوں کی ایک پاکستانی شہری سمیت مزمل احمد ڈار ، وسیم اکرم وانی اور مزمل نذیر بھٹ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ پاکستانی عسکریت پسند کا نام معلوم نہیں ہوسکا جبکہ تمام 3 کا تعلق پلوامہ سے بتایا گیا ہے ۔ انکاؤنٹر کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بھی دستیاب ہوا ہے ۔ ان تمام کا جیش محمد سے تعلق بتایا گیا ہے اور یہ لوگ سکیورٹی عملہ اور شہری مظالم کے بشمول دہشت گردی جرائم میں ملوث تھے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سکیورٹی جوانوں پر کئی دہشت گرد حملے کئے تھے اور یہ کئی کیسوں میں مطلوب تھے ۔ انکاؤنٹر کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود اور رائفلس برآمد ہوئے ہیں ۔ اس دوران فوج نے جموں و کشمیر کے کٹھوا علاقہ میں ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا ہے ۔ اس علاقہ سے معیاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حاجن پائین راجپورہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلقہ خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف 182 اور 183 بٹالین نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ رات کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں محصور جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں 2 جنگجو مارے گئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق حاجن پائین راجپورہ میں مسلح تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں بھڑک اٹھی ہیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔