سیاسی سفر شروع کرنے کے بعد پیر کے روز پرینکا گاندھی لکھنئو میں اپنا پہلا میگا روڈ شو کریں گی۔ 9 گھنٹے کے اس روڈ شو کے دوران پرینکا کے ساتھ دیں گے ان کے بھائی اور کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی اور مغربی یوپی کے جنرل سکریٹری جیوتیرادتیہ سندھیا ۔ خبر کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اس دوران پارٹی دفتر میں نہیں، بلکہ وی وی آئی پی گیسٹ ہاوس میں رکیں گی۔ وہ ہر روز وی وی آئی پی گیسٹ ہاوس سے کانگریس ہیڈکوارٹر جائیں گی اور پارٹی کے نئے اور پرانے کارکنان سے ملاقات کریں گی۔
کانگریس ذرائع کے مطابق، یہ روڈ شو تقریبا 9 گھنٹے کا ہوگا۔ روڈ شو ایئرپورٹ سے لےکر کانگریس کے پارٹی دفتر تک کا ہوگا جس میں تقریبا 3 درجن مقامات پر ان کا استقبال کیا جائےگا۔ پہلے دن روڈ شو میں اور پریس کانفرینس کرنے کے بعد دیر شام راہل گاندھی دہلی واپس آجائیں گے۔ وہیں جیوتیرادتیہ سندھیا 13 فروری کو واپس لوٹیں گے، تاہم سب سے آخر میں پرینکا گاندھی 14 فروری کو اپنے 4 روزہ دورے کے بعد دہلی واپس آئیں گی۔
پرینکا گاندھی کے پارٹی میں شامل ہونے سے کانگریس میں ایک نئی توانائی آگئی ہے وہیں کانگریس نے ایک کے بعد ایک یوگی حکومت کے خلاف اپنے حملہ تیز کر دئے ہیں۔ ایک جانب جہاں پرینکا نے زہریلی شراب معاملہ میں حکومت کو سخت اقدام اٹھانے کا مشورہ دیا۔ تو دوسری جانب اپنی ریاست کے لوگوں اور پارٹی کارکنان کے لئے ایک آڈیویو ٹیپ بھی جاری کیا۔