پرینکا کے عملی سیاست میں حصہ لینے پر کانگریس میں جشن

ہنمنت راؤ اور ششی دھر ریڈی کی شرکت، گاندھی بھون میں آتشبازی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری (سیاست نیوز) گاندھی خاندان کی اہم شخصیت پرینکا ووڈرا کے عملی سیاست میں حصہ لینے کے فیصلہ نے کانگریس حلقوں میں جوش و خروش کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ صدر اے آئی سی سی راہول گاندھی کی جانب سے پرینکا کو اترپردیش میں پارٹی کا انچارج جنرل سکریٹری مقرر کئے جانے کے فوری بعد کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جشن منایا۔ آتشبازی کی گئی اور قائدین نے آپس میں میٹھائیاں تقسیم کی۔ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کے علاوہ سابق ڈپٹی میئر راجکمار ، اقلیتی قائدین ایس کے افضل الدین ، واجد حسین اور کئی محلہ قائدین نے جشن میں حصہ لیتے ہوئے پرینکا کے تقرر کا خیرمقدم کیا۔ قائدین نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے تقرر سے نہ صرف ملک بھر میں پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں بلکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی یقینی ہوچکی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پرینکا ووڈرا کے عملی سیاست میں حصہ لینے کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان جو ملک کیلئے قربانیوں کی تاریخ رکھتا ہے ، اس کے اہم رکن کا سیاست میں حصہ لینا نہ صرف پارٹی بلکہ ملک کیلئے خوش آئند ہے۔ راہول گاندھی کی قیادت میں پرینکا اترپردیش میں پارٹی کے احیاء میں اہم رول ادا کرے گی ۔ راہول گاندھی نے پرینکا کے علاوہ جیوتر ادتیہ سندھیا کو اترپردیش کے امور کی ذمہ داری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے یو پی اے حکومت کے 10 برسوں تک حکومت کی سرپرستی کی ہے اور بہتر حکمرانی کو یقین بنایا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کی نظریں گاندھی خاندان پر ٹکی ہیں اور انہیں امید ہے کہ راہول اور پرینکا پارٹی کو 2019 ء میں شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا کے تقرر کے ساتھ ہی بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں میں خوف کا ماحول ہے۔ ڈاکٹر ایم ششی دھر ریڈی نے پرینکا کے تقرر کو پارٹی کی کامیابی کی ضمانت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء لوک سبھا انتخابات سے قبل راہول گاندھی کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی اس فیصلہ کا اثر پڑے گا اور کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔