دسویں کے پرچہ ریاضی کا جولائی میں صرف دہلی اور ہریانہ میں مکرر امتحان : جاؤڈیکر
مکرر امتحان منعقد کرنے کیخلاف
سپریم کورٹ میں عرضی
نئی دہلی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کو آج گوگل سے جواب موصول ہوا جس نے اُس ای میل اڈریس کی نشاندہی کردی جہاں سے سی بی ایس ای چیئرپرسن کو 10 ویں جماعت کے پرچہ ریاضی کا افشاء کئے جانے کے تعلق سے خط بھیجا گیا تھا، اس تحقیقات سے واقف ایک عہدہ دار نے یہ بات بتائی۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے آفیسر نے کہا کہ دسویں جماعت کے ایک اسٹوڈنٹ کو پرچہ ریاضی کی نقل وصول ہوئی جس پر اُس نے اپنے والد کے ای میل آئی ڈی کے ذریعے سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) چیئرپرسن کو ای میل بھیجا۔ یہ طالب علم اور اُس کے والد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ اس دوران مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر نے کہا ہے کہ سی بی ایس ای کی 12 ویں جماعت کے پرچہ معاشیات کا مکرر امتحان 25 اپریل کو منعقد ہوگا جبکہ 10 ویں جماعت کے پرچہ میتھامیٹکس کا مکرر امتحان اگر ضروری ہو تو جولائی کے دوران صرف دہلی، قومی دارالحکومت کے علاقہ اور ہریانہ میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کو سی بی ایس ای کی 10 ویں جماعت کا صرف ریاضی کا پرچہ اس صورت میں دوبارہ لکھنا ہوگا جب اس (پرچہ) کے بڑے پیمانے پر افشاء کا پتہ چلے گا۔ اس دوران متاثرہ طلبہ نے آج دہلی میں سی بی ایس ای کے دفتر کے روبرو احتجاج کیا۔ اُدھر سپریم کورٹ میں آج ایک عرضی سی بی ایس ای کے اس فیصلے کے خلاف داخل کی گئی کہ 26 مارچ کو 12 ویں کے اکنامکس اگزام اور 28 مارچ کو 10 ویں کے پرچہ ریاضی کے امتحان کو ان پرچوں کے مبینہ افشاء پر منسوخ کرتے ہوئے مکرر امتحان منعقد کیا جائے۔ یہ پٹیشن شکرپور کے متوطن ریپک کنسل نے داخل کی، اور کہا کہ سی بی ایس ای کی طرف سے اس طرح مکرر امتحان کے انعقاد کا کوئی جواز نہیں ہے۔