پرنب کے بعد اب ٹاٹا بھی بھاگوت کیساتھ بیٹھیں گے

ٹاٹا کو نانا پالکر سمیتی کی دعوت، آئندہ ماہ ممبئی میں تقریب، شخصی معاملہ ، ٹاٹا گروپ کا ردعمل
ممبئی 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے آج کہاکہ صنعتکار رتن ٹاٹا آئندہ ماہ یہاں ہونے والی ایک تقریب میں زعفرانی تنظیم کے سربراہ موہن بھاگوت کے ساتھ شہ نشین پر موجود رہیں گے۔ سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے گزشتہ ماہ ناگپور میں منعقدہ آر ایس ایس کی ایک تقریب میں شرکت کی تھی جو موضوع بحث بن گئی تھی۔ آر ایس ایس کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ ’’ٹاٹا اور بھاگوت 24 اگسٹ کو نانا پالکر سمرتی سمیتی کے زیراہتمام منعقد شدنی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ غیر سرکاری تنظیم (این جی او) سنگھ پرچارک نانا پالکر سے موسوم کی گئی ہے۔ اس سمیتی کا دفتر ممبئی میں ٹاٹا میموریل ہاسپٹل کے قریب واقع ہے جہاں سے کینسر کے مریضوں کی خدمت کی جاتی ہے۔ سنگھ کے ایک کاریہ واہک نے کہاکہ ٹاٹا نے اس تنظیم کے دفتر کا دورہ کیا تھا اور وہ اس کے کام سے واقف ہیں۔ ٹاٹا ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے اس خبر پر کسی تبصرہ سے انکار کردیا ہے اور کہاکہ یہ سب کچھ اگر ہوتا بھی ہے تو یہ ٹاٹا گروپ کے 81 سالہ سربراہ کا نجی معاملہ ہی رہے گا۔ واضح رہے کہ رتن ٹاٹا نے قبل ازیں 29 ڈسمبر کو اپنی 79 ویں سالگرہ کے موقع پر ناگپور میں آر ایس ایس ہیڈ کوارٹرس کا اچانک دورہ کیا تھا۔ ان کے ترجمان نے اس دورہ کو ایک خیرسگالی ملاقات قرار دیا تھا۔