مکیش امبانی کا ’’مانسون ہنگامہ ‘‘ کی بارش
ممبئی ۔ /5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ارب پتی تاجر مکیش امبانی نے موبائیل کی دنیا کی مہنگی ترین مارکٹ میں سستے ہینڈ سیٹس کی پیشکش کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے مانسون ہنگامہ اسکیم کے ذریعہ تقریباً 15 سال بعد انہوں نے آج ’’جیو فون مانسون ہنگامہ‘‘ کا اعلان کیا کہ جس میں خواہشمند صارفین کو صرف 501 روپئے میں پرانے فون کے عوض نیا جیو فون دیا جائے گا ۔ ریلائینس انڈسٹریز کی 41 ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے مکیش امبانی نے مختصر ترین امکانی وقت میں جیو فون استعمال کنندگان کی تعداد کا نشانہ 100 ملین مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جیو فون میں پہلے سے زیادہ خوبیاں اور کارکردگی کے اعتبار سے موثر ٹکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس سے 4G کنکشن کے ساتھ انٹرنیٹ سرویس بھی رہے گی ۔ نئے ’’مانسون ہنگامہ ‘‘ کی پیشکش کا اعلان کرنے امبانی نے کہا کہ آج ہم ایک اور پرکشش پیشکش متعارف کررہے ہیں ۔ فیچر فون استعمال کرنے والوں کے لئے یہ پیشکش /21 جولائی سے شروع ہورہی ہے ۔ فیچر فون رکھنے والے اپنے پرائے فون کو برانڈ نیو جیو فون سے صرف 501 روپئے میں تبدیل کرسکتے ہیں ۔ جولائی 2003 ء میں بھی ریلائینس انفو کام نے مانسون ہنگامہ پیشکش کا آغاز کیا تھا ۔