پرانے شہر کی سلم بستیوں کو ترقی یافتہ علاقے میں تبدیل کرنے کا عہد

کاروان کے مختلف علاقوں میں فیروز خاں کا دورہ،عوامی نمائندوں سے عوام ناراض
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے کاروان کے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ وہ پسماندگی کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کریں گے ۔ اگر وہ علاقہ میں ترقی اور فلاح و بہبود چاہتے ہیں تو انہیں قومی پارٹی کانگریس کو ووٹ دینا چاہئے ۔ فیروز خاں نے آج حلقہ اسمبلی کاروان میں ضیا گوڑہ ، کلثوم پورہ ، اور جھرہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے مقامی مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی ۔ یہ علاقے عوامی نمائندوں کی عدم توجہی کے سبب پسماندگی کا شکار ہیں۔ بنیادی ضرورتوں سے محروم ان علاقوں کے عوام کی زبوں حالی دیکھ کر فیروز خاں حیرت میں پڑگئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقے انسانوں کے بسنے کے لائق نہیں ۔ کیونکہ یہاں صحت و صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہے جبکہ گزشتہ چالیس برسوں سے نمائندگی کا دعویٰ کرنے والی قیادت نے ان علاقوں کو نظر انداز کردیا ہے ۔ مقامی خواتین نے شکایت کی کہ قائدین صرف الیکشن میں ہی نظر آتے ہیں اور جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کے بعد وعدوں کی تکمیل کو فراموش کیا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریس پارٹی کی تائید کا فیصلہ کرچکے ہیں تاکہ روایتی قیادت کو سبق سکھایا جائے ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹتے ہوئے مقامی افراد تھک جاتے ہیں۔ فیروز خاں نے عوام کو یقین دلایا کہ پسماندگی کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے نام پر قائدین اپنے مفادات کی تکمیل کر رہے ہیں اور حاشیہ برداروں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ اگر کانگریس کو منتخب کریں گے تو مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے۔ جگہ جگہ کچرے کے انبار، ناقص سڑکیں ، گندے پانی کا بہاؤ ، اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی کمی ، اساتذہ کی قلت جیسے مسائل پر وہ خصوصی توجہ دیں گے۔ فیروز خاں نے کہا کہ 50 سالہ قیادت کے دور میں غریب اور بھی غریب ہوچکے ہیں جبکہ قیادت دن بہ دن دولت مند ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک بھر میں 22 لاکھ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نیائے اسکیم کے ذریعہ غریبوں کو سالانہ 72,000 روپئے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ فیروز خاں نے کہا کہ وہ پرانے شہر سے سلم بستیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے ترقی یافتہ علاقوں میں تبدیل کردیں گے ۔ پرانے شہر سے فرقہ پرستی کی لعنت کو ختم کردیا جائے گا ۔ پد یاترا کے دوران جگہ جگہ عوام نے فیروز خاں کا استقبال کیا اور گلپوشی کی۔