پرانے شہر کی ترقی کے کئی وعدے کئے گئے لیکن عوام کو سہولت میسر نہیں

حلقہ پارلیمان حیدرآباد میںپاسپورٹ سیوا کیندر قائم کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوا

حیدرآباد۔3اکٹوبر(سیاست نیوز) حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے 7اسمبلی حلقہ جات میں کیا ترقی ہوئی ؟ حیدرآباد کے 7اسمبلی حلقہ جات میں اب تک کوئی پاسپورٹ سیوا کیندر نہیں ہے اور نہ ہی پاسپورٹ کے لئے درخواست جمع کروانے کی سہولت ہے۔ پرانے شہر کے پاسپورٹ درخواست گذاروں کو ٹولی چوکی ‘ بیگم پیٹ یا پھر امیر پیٹ میں واقع پاسپورٹ سیوا کیندر میں درخواستیں جمع کروانی پڑتی ہیں کیونکہ انہیں ان کے علاقوں میں یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔ شہر حیدرآباد جو کہ ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت ہے اور اس شہر حیدرآباد کی ترقی کے متعدد دعوے کئے جاتے ہیں اسی طرح شہر حیدرآباد میں تاریخی چارمینار موجود ہے اور چارمینار کے نام سے ایک حلقہ اسمبلی بھی ہے لیکن یہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے عوام کی بدقسمتی تصور کی جائے یا پھر شہر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والوں کی ناکامی کہ انہیں اب تک پاسپورٹ آفس کی سہولت دستیاب نہیں ہوسکی جبکہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ عوامی سطح پر نمائندگی کی جا چکی ہے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی پہل نہیں کی گئی جبکہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے پڑوسی حلقہ پارلیمان سکندرآباد کے حدود میں 3پاسپورٹ سیوا کیندر موجود ہیں اور حیدرآباد اور پرانے شہر کے عوام بھی ان پاسپورٹ سیوا کیندر پر ہی درخواستیں جمع کروانے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں یہ سہولت میسر نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی وزارت خارجہ کی جانب سے پوسٹ آفس میں پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کے لئے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان منی پاسپورٹ سیوا کیندر میں بھی پاسپورٹ سیوا کیندر کے طرز پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ریاست کے اضلاع میں یہ سہولت میسر آسکتی ہے تو پرانے شہر میں اس سہولت کے آغاز کے لئے کیوں نمائندگی نہیں کی جاتی یا پھر کیوں پرانے شہر کے عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے کے اقدامات نہیں کئے جاتے!پرانے شہر کے علاقہ اب وسعت حاصل کرتے جار ہے ہیں اور شہر ی آبادی تیزی سے نواحی علاقوں کی سمت بڑھتی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی انہیں پاسپورٹ سیواکیندر جیسی سہولت نہ دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر کی نمائندگی کرنے والوںکی جانب سے عوام کو سطحی مسائل میں الجھاتے ہوئے انہیں خوش رکھنے کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے اور شہر کو ترقی دلوانے والے دفاتر اور علاقہ کی اہمیت میں اضافہ کرنے والی خدمات اور سہولت سے شہریوں کو محروم رکھا جا رہاہے۔