پرانا شہرکی ترقی کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت

موثر آبرسانی کیلئے ریزروائرس کی تعمیر‘ پائپ لائن کی تبدیلی ‘ ڈرینج سسٹم اور سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پرانے شہر کی ترقی پینے کے پانی اور برقی کی سربراہی ، ڈرین لائن کے مسائل کے علاوہ دوسرے مسائل کی یکسوئی کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے اور اندرون ایک سال تمام مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اجلاس میں محکمہ مال کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری راجیشور تیواری اسپیشل پرنسپل سکریٹری برقی چتر رامچندرن سکریٹری بلدی نظم و نسق اروندکمار پرنسپل سکریٹری محکمہ صحت شانتی کماری ٹی ایس ایس پی ڈی سی‘ ایم ڈی رگھوما ریڈی ‘میٹرو بورڈ ایم ڈی دانا کشور حیدرآباد میٹرو ریل‘ ایم ڈی این وی ایس ریڈی ، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کشن‘ جی ایچ ایم سی ایڈیشنل کمشنر بھارتی ہولکیری کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پرانے شہر کو ترقی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ لہذا تمام عہدیدار ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کریں اور فوری ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کریں ۔ عہدیداروں نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ پرانے شہر میں پینے کا پانی سربراہ کرنے کے مستقل حل کے لیے نیا ذخیرہ آب تعمیر کرنے پرانے پائپ لائن کی جگہ نئے پائپ لائن تنصیب کرنے اور سسٹم کو مستحکم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پرانے شہر میں روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے ڈی پی آر پراجکٹ تیار کرتے ہوئے کنسلٹنٹ کے انتخاب کے لیے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ فی الحال 124 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ اسمبلی حلقہ جات کاروان اور نامپلی میں سیوریج پائپ لائن کے لیے ماسٹر پلان تیار کرتے ہوئے منظوری کے لیے حکومت کو پیش کردیا گیا ہے ۔ 400 کروڑ روپئے کے مصارف سے ساوتھ موسیٰ سیوریج کے کاموں کو مکمل کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے تمام کام اندرون ایک سال مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ برساتی نالوں سے متعلق 10.89 کیلو میٹر نالوں کو توسیع دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 5 کیلو میٹر تک نالوں کو توسیع دی گئی ۔ 4 کیلو میٹر تک توسیعی کام جاری ہے ۔ مزید ایک کیلو میٹر کے لیے تجاویز تیار کی جارہی ہے ۔ پرانے شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے سب اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔