پب میں آگ، جشن سالگرہ ماتم میں تبدیل، 14 ہلاک

 

ممبئی ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک پوش علاقہ میں رات کے پچھلے پہر منعقدہ سالگرہ کا جشن ماتم میں تبدیل ہوگیا جب ایک عمارت کی چھت پر جہاں یہ تقریب منعقد ہورہی تھیں، مہیب آگ بھڑک اٹھنے کے سبب کم سے کم 14 افراد فوت اور دیگر 21 زخمی ہوگئے۔ ممبئی کے بلدی ادارہ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ٹریس پر واقع 1۔ اباؤ پب میں رات 12:30 بجے آگ بھڑک اٹھی جو تیسرے فلور پر واقع ’’موجوپب‘‘ کو بھی اپنی زد میں لے لی۔ کے ای ایم (کم) ہاسپٹل کے ڈین اویناش سوپے نے کہا کہ 14 متوفیوں میں 11 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان میں اکثر دم گھٹنے سے فوت ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں وہ عورت بھی شامل ہے جس نے اپنی29 ویں سالگرہ منانے کیلئے یہ تقریب منعقد کی تھی۔ مہیب آگ میں جھلس کر خاکستر ہونے والے دونوں پبس نشیبی پریل کے کملاملس کمپاؤنڈ کی ٹریڈ ہاؤز بلڈنگ میں واقع ہیں۔ پریل رات میں روشنیوں کے پرکشش مناظر کیلئے شہرت کا حامل ہے۔ کملاملس کمپاؤنڈ کی اس عمارت تجارتی اداروں کا گڑھ ہے جہاں متعدد قومی ٹیلی ویژن چینلس بھی واقع ہیں۔ ایک مشہور قومی نیوز چینل کے ایک پروگرام پروڈیوسر سنجے جادھو نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں رات کی شفٹ میں تھا۔ پب میں چیخ پکار کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ ابتداء میں سمجھا گیا کہ وہاں جاری سالگرہ پارٹی کے سبب یہ آوازیں آرہی ہوں گی لیکن جب میں دفتر سے باہر نکلا تو دیکھا کہ عمارت کی چھت پر واقع پب میں آگ بھڑک اٹھی ہے جس سے اٹھنے والے شعلوں کے سبب ہمارے دفتر کا باب الداخلہ بند ہوچکا تھا‘‘۔ مہیب آگ اندرون 30 منٹ ساری عمارت کو اپنی زد میں لے چکی تھی، جس کو بجھانے کیلئے کئی گھنٹوں تک سخت جدوجہد کرنا پڑا۔ آتشزدگی کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ خاکستر شدہ ’1۔ اباؤ‘ پب میں موجود ممبئی کی ایک ڈاکٹر سولبھا کے جی اروڑہ نے این ڈی ٹی وی نیوز چینل سے کہا کہ ’’کسی کو بھی باہرنکلنے کا موقع ہی نہیں ملا کیونکہ آگ بہت تیزی سے پھیل چکی تھی۔ آگ سے تباہ شدہ کامپلکس کے بعض حصوں میں میڈیا اداروں کے دفاتر واقع ہیں۔ اس ریسٹورنٹ کے ارکان عملہ ممکنہ حد تک وہاں سے گاہکوں کو باہر نکالنے میں مدد کررہے تھے‘‘۔ ڈاکٹر سولبھا اروڑہ نے کہاکہ ’’وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی۔ کوئی مجھے ڈھکیل رہے تھے کیونکہ شعلہ پوش چھت منہدم ہورہا تھا‘‘۔ اس خاتون ڈاکٹر نے ایک علحدہ ٹویٹ میں لکھا کہ ’’اب بھی نہیں جان سکی کہ میں آخر کس طرح زندہ باہر نکل آئی ہوں‘‘۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ فائر بریگیڈ اور پولیس ٹیمس وہاں پہنچ گئی۔ 35 زخمیوں کو پب سے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے یہ پب چلانے وایل ادارہ سی گریڈ ہاسپٹالٹی کے ہریتیش سانگھوی، جگر سانگھوی اور ابھیجیت منکا اور دوسروں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس دوران یہ الزامات بھی عائد کئے جارہے ہیں کہ بلدی حکام نے اس کمپاؤنڈ میں حفاظتی ضابطوں کی خلاف ورزیوں اور تعمیرات میں بے قاعدگیوں سے چشم پوشی کی تھی۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی، مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس اور دوسروں نے اس واقعہ پر سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متوفیوں کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں سے جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔