پاکستان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا، قومی سلامتی اہم موضوع

دریائے سندھ کے آبای معاہدہ کے بارے میں حکومت فیصلہ کرے گی، بی جے پی کا کونسل میٹنگ میں موقف

کوزی کوڈ ،23ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے آج یقین دلایا کہ مودی حکومت کے ذریعہ پاکستان کیخلاف سفارتی ،معاشی اور فوجی محاذ پر ناکہ بندی کرنے کی کارروائی کی جائے گی جس سے پاکستان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا اور آخر میں وہ دہشت گرد ملک قراردیا جائے گا۔کیرالا کے شمالی ساحلی شہر میں پارٹی کی قومی کونسل کی میٹنگ میں حصہ لینے آئے پارٹی کے ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ قومی سلامتی بھی ترقی کا اہم موضوع ہے۔ اس کے پیش نظر جموں و کشمیر میں اڑی کے واقعہ پر غوروخوض ایک سنجیدہ موضوع ہونا فطری ہوگا۔پاکستان کیساتھ 1960 میں کئے گئے دریائے سندھ کے آبی معاہدے سے متعلق پوچھے جانے پر بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کیا کرے اور کیا نہیں ،پارٹی یہ نہیں کہے گی کیونکہ حکومت میں بھی پارٹی کے ہی رہنما ہیں مگرہر اس چیز کو دھیان میں رکھاجانا چاہیے جس سے پاکستان کو بھی اسی درد کانہ بھولنے والا احساس ہوسکے جو وہ ہندوستان کو دیتا ہے ۔

بی جے پی کی نیشنل ایگزیکیٹو میٹنگ سے حکومت کو اس موضوع سے متعلق پیغام کے بارے میں پوچھے جانے پر سدھارتھ سنگھ نے کہاکہ بی جے پی ملک کے موڈ سے واقف پارٹی ہے تو حکومت بھی ملک کے موڈ کو اچھی طرح سمجھتی ہے ۔جہاں تک میٹنگ کے پیغام کا سوال ہے توہم پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نعرے کو آگے بڑھائیں گے کہ ترقی کا فائدہ ہر حال میں سماج کے آخری شخص تک پہنچے ۔قومی کونسل کی میٹنگ کا سلسلہ آج شام پارٹی کے جنرل سکریٹریوں کی میٹنگ کے ساتھ شروع ہوگیا۔پارٹی کے سربراہ امیت شاہ کی صدارت میں اس میٹنگ کے ساتھ پارٹی کے عہدیداران کی بھی میٹنگ شروع ہوگئی۔ان میٹنگوں میں کونسل میں طئے کئے جانے والے بلوں کے مسودے کو منظوری دی جائیگی۔کوزی کوڈ کے سمندری ساحل پر کونسل کی میٹنگ کیلئے ’’خوابوں کا شہر‘’بنایا گیا ہے ۔تین دنوں تک شہر میں پولیس اور سکیورٹی دستوں اور ساحلی محافظوں کے دستے اور فضائیہ کا سخت پہرا لگایا گیا ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کل ایک عوامی جلسے کو خطاب کریں گے ۔امید ہیکہ اڑی حملے کے سلسلے میں وہ بحیرہ عرب کے ساحل سے پاکستان اور اس کے حامی ملکوں کو سخت پیغام دیں گے ۔ اڑی حملے کے بعد نریندر مودی پہلی بارعوامی جلسے کو خطاب کریں گے ۔