تبدیلیٔ ماحولیات کا مقابلہ ، دہشت گردی کے خلاف عالمی معاہدہ کی ضرورت، پاکستان کشمیر کے
حصول کا خواب نہ دیکھے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیرخارجہ سشماسوراج کا خطاب
اقوام متحدہ ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی اشتعال انگیزی کے بعد آج ہندوستان نے کہا کہ جو لوگ حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کررہے ہیں، انہیں چاہئے کہ خوداحتسابی کریں۔ درپردہ پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارے درمیان کچھ ایسے ممالک بھی ہیں، جہاں اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیئے ہوئے افراد آزادانہ طور پر گھومتے پھرتے ہیں اور نفرت انگیز زہریلی تقریریں کرتے ہیں۔ وہ واضح طور پر جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کا حوالہ دے رہی تھیں جن پر ممبئی دہشت گرد حملوں کی سازش تیار کرنے والے ہونے کا شبہ ہے۔ بلوچستان کا حوالہ دیتے ہوئے سشماسوراج نے کہا کہ بلوچ عوام پر بے رحمی بدترین نوعیت کا سرکاری جبر ہے۔ انہوں نے پرزور انداز میں نواز شریف کے اس تبصرہ کو مسترد کردیا کہ مشروط مذاکرات ان کیلئے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان پر کوئی شرائط مسلط نہیں کی ہیں۔ خود وزیراعظم نریندر مودی افغانستان اور پاکستان کے دورے کرچکے ہیں، پھر بات چیت کیلئے شرائط کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا ہے۔ تبدیلیٔ ماحولیات کے بارے میں تاریخ ساز پیرس ماحولیات معاہدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے جس کی منظوری ہندوستان کی جانب سے آئندہ ماہ دی جائے گی۔ سشماسوراج نے کہا کہ 193 رکنی اقوام متحدہ کو وہ تیقن دیتی ہیں کہ ہندوستان تبدیلی ماحولیات کا مقابلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مقابلہ کیلئے ایک عالمی معاہدہ کی منظوری کی عاجلانہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال قبل بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جامع کنونشن کی منظوری کے باوجود ہنوز اس پر عمل نہیں کیا گیا ہے حالانکہ اس کنونشن کی تجویز 1996ء میں خود ہندوستان نے پیش کی تھی۔ سشماسوراج نے بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرے کہ دہشت گردی بلا شک و شبہ انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے سشماسوراج نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وہ پاکستان کو پوری شدت سے مشورہ دینا چاہتی ہیں کہ وہ کشمیر کے حصول کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ ہندوستان میں شامل رہیگا۔
وزیراعظم کی سشماسوراج کو مبارکباد
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے سشماسوراج کے خطاب پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مستحکم اور مؤثرانداز میں کئی مسائل پر روشنی ڈالی ہے۔ وہ وزیرخارجہ کو اس خطاب پر مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سشماسوراج کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد اپنے ٹوئیٹر پر مبارکبادی کا پیغام شائع کیا۔