نئی دہلی // بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر میں بھارت کی زمین پر قابض ہے اور بھارت کا یہ بنیادی اور غیر متزلزل موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر کی پوری ریاست اسکا ایک انگ تھی ، ہے اور رہے گی۔انہوں نے پارلیمنٹ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت نے پاکستان سے متواتر طور پر کہا ہے کہ ان علاقوں کو فوری طور پر خالی کرے جن پر اس نے غیر قانونی طور قبضہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پچھلے ماہ بھی اسلام آباد کو آگہا کیا گیا۔سشما سوراج نے کہا’’ بھارت کا یہ بنیادی اور لگاتار موقف رہا ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر بھارت کا نا قابل تنسیخ حصہ ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’ پاکستان جموں و کشمیر ریاست کے78ہزار مربع کلو میٹر رقبے پر غیر قانون طور پر قابض ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’2مارچ 1963کو پاکستان اور چین کے درمیان نام نہاد’ سرحدی سمجھوتہ‘ کے تحت پاکستان نے ریاست جموں و کشمیر میںبھارت کے 5180مربع کلو میٹر رقبہ چین کو دیا‘‘۔
ایک تحریری جواب میں انہوں نے کہا ’ ہم نے متواتر طور پر پاکستان سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر ان علاقوں کو خالی کرے، جن پر وہ غیر قانونی طور قابض ہے،حال ہی میں ایسا 30نومبر کو بھی کہا گیا‘۔تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا کہ ایسا کس کے ذریعہ کہا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے ایک حصے پر غیر قانونی اور زبردستی طور پر قابض ہے۔