پاکستان میں ہندوستان کا فضائی حملہ‘ جیش محمد کیمپ تباہ‘ 350 دہشت گرد ہلاک

پلوامہ حملہ پرزبردست بم اندازی ۔ مناسب وقت جوابی کارروائی کرنے پاکستان کا انتباہ

نئی دہلی ۔ 26فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹھیک ٹھیک نشانہ لیکر اور تیزی سے کئے گئے فضائی حملہ میںجو اندرون دومنٹ مکمل ہوگیا ، ہندوستان نے منگل کی ابتدائی ساعتوں میں پاکستان میں موجود جیش محمد کے سب سے بڑے ٹریننگ کیمپ کو بم اندازی سے تباہ کیا ، جس کے نتیجہ میں 350تک دہشت گرد اور تربیت کار ہلاک ہوگئے جو پلوامہ حملہ کے بعد وہاں اپنی حفاظت کیلئے منتقل ہوئے تھے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ طلوع آفتاب سے قبل اس آپریشن کو ’’ غیرفوجی ‘‘ اور ’’ دفاعی ‘‘ حملہ قرار دیا گیا جو پہاڑی چوٹی کے جنگل میں واقع پُرتعیش کیمپ پر کیا گیا ، جس نے ہندوستانی فضائیہ ( آئی اے ایف ) کے ایک درجن میراج 2000 لڑاکا جٹ طیاروں کو آسان ٹارگٹ فراہم کیا اور دہشت گرد محوخواب رہتے ہوئے زد میں آگئے ۔ یہ حملہ 1971ء کی جنگ کے بعد پاکستان کے اندرون فضائیہ کی پہلی ضرب ہے ۔ دریں اثناء اس حملہ پر اپنے اولین ریمارکس میں وزیراعظم نریندر مودی نے راجستھان کے چورو میں منعقدہ عام ریالی میں کہاکہ وہ عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ قوم سے بالاتر کچھ نہیں ۔ تاہم انہوں نے اس حملہ کا راست حوالہ نہیں دیا اور نہ ہی اس آپریشن کی تفصیلات بتائیں جسے بعض نے فضائی سرجیکل اسٹرائیک قرار دیا ہے ۔ معتمد خارجہ وجئے گوکھلے نے میڈیا کو بتایا کہ انٹلیجنس کی قیادت میں پاکستان میں موجود دہشت گروپ کے سب سے بڑے ٹریننگ کیمپ واقع بالاکوٹ پر آپریشن نہایت ضروری ہوگیا تھا کیونکہ وہ 14 فبروری کے پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستان میں مزید خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا ۔ پلوامہ میں سی آر پی ایف قافلہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 40سپاہی ہلاک ہوئے ۔ پلوامہ حملہ کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ آئی اے ایف جٹ طیاروں نے متعدد لیزر بم استعمال کئے جن میں ہر ایک کا وزن زائد از 1000کلو گرام تھا جن کے ذریعہ بالا کوٹ ٹاؤن سے تقریباً 20کلومیٹر کی دوری پر دہشت گرد کیمپ کو تباہ کیا گیا ۔ یہ آپریشن تقریباً 3:45بجے رات شروع ہوا اور 4:05 بجے صبح ختم ہوگیا جب کہ اصل حملہ دو منٹ سے کم تک چلا ۔ ذرائع کے مطابق طیاروں نے کئی اڈوں سے اڑان بھری ۔

بتایا گیا کہ وزیراعظم مودی رات بھر جاگتے رہے اور آئی اے ایف آپریشن کی نگرانی کئے اور تمام پائیلٹس کی بحفاظت وطن واپسی کے بعد انہوں نے اطمینان کی سانس لیں ۔ انہوں نے تقریباً 4:30بجے صبح آپریشن میں حصہ لینے والے تمام پرسونل کو مبارکباد دی ۔ اس حملہ نے پاکستان کو حیرت زدہ کیا اور اُس نے مناسب وقت اور اس کی پسند کے مقام پر جواب دینے کا انتباہ دیا اور کہا کہ اس معاملہ کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں میں اٹھائے گا ۔ ہندوستان کے فضائی حملوں کے چند گھنٹوں بعد پاکستان کے اعلیٰ سیکورٹی ادارے قومی سلامتی کمیٹی کے عجلت میں طلب کردہ خصوصی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج اور اپنے ملک کے عوام سے کہا کہ تمام تر امکانی حالات کیلئے خود کو تیار رکھیں ۔ پاکستان آرمی نے تصدیق کی کہ ہندوستانی لڑاکا جٹ طیاروں نے اس آپریشن کے دوران ’’چاربم ‘‘ گرائے لیکن اس کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کی اور کہا کہ ہندوستانی حملہ کا جواب دیا گیا اور ان کی طیاروں نے واپس جاتے ہوئے اپنا سامان گرا دیا ۔ فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان اپنے جواب سے ہندوستان کو حیرت زدہ کردے گا ۔