پشاور۔30جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) صوبہ خیبرپختونخواہ کی ایک گیس پائپ لائن سے ایک ویان ٹکراکر شعلہ پوش ہوگئیں ‘ جس کی وجہ سے ویان میں راولپنڈی سے پشاور کا سفر کرنے والے 16 مسافر بشمول خواتین اور اطفال زندہ جل گئے ۔ یہ واقعہ ایبٹ آباد چوک کے روبرو پیش آیا ۔ ویان پوری طرح آگ کے شعلوں میں گھرگئی تھی اور اس میں تمام 16 مسافر زندہ جل گئے ۔ پولیس کے ارکان عملہ اور بچاؤ عملہ موقع واردات پر اس واقعہ کے فوری بعد پہنچا ۔ اس کی اطلاع کے بموجب آتش فرو عملہ کو بھی حادثہ کی اطلاع دی گئی جو نعشیں ویان سے برآمد کی گئی ہیں ناقابل شناخت حد تک جھلس کر خاکستر ہوچکی ہیں ۔ ضلع ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل کو نعشیں منتقل کی گئی ہیں ۔ پاکستانی پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف نے اس حادثہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ عہدیداروں کو اس واقعہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنی چاہیئے ۔ پاکستان میں اس قسم کے مہلک حادثے روز کا معمول بن گئے ہیں ۔ کیونکہ سڑکوں کی حالت بہت خستہ ہے ۔ گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جاتی اور ڈرائیور بھی لاپرواہی سے کاریں چلاتے ہیں ۔ آج کے حادثہ میں پورا علاقہ آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا جس کی وجہ سے آتش فرو عملہ کو مسافروں اور دوسری گاڑیوں کو محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔