پاکستان میں کار بم دھماکہ ، 25 ہلاک ، 75 زخمی

پشاور ۔ /31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی قبائیلی علاقہ میں ایک معروف ترین مارکٹ کے قریب شیعہ امام بارگاہ کے باہر طاقتور کار بم دھماکہ کے نتیجہ میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور دیگر 75 زخمی ہوگئے ۔ پاکستانی طالبان نے اس دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ کرم ایجنسی میں پارہ چنار کے مرکزی بازار سے قریب شیعہ امام بارگاہ کے باب الداخلہ پر یہ کار بم دھماکہ ہوا ۔ دواخانہ کے حکام نے کہا کہ اس کار بم دھماکہ میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور دیگر 75 زخمی ہوئے ہیں ۔ جس میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے ۔ 27 زخمیوں کو ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ پشاور کے دواخانوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ اس دھماکہ سے درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ پاکستانی طالبان کے علحدہ شدہ گروپ جمعیتہ الاصرار نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کی ۔ سکیورٹی فورسیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کرلی ہے ۔ تمام واقعہ پر ہنگامی ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ مقامی انتظامیہ نے تمام دواخانوں میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے ۔ فوج کا ایک طبی ہیلی کاپٹر زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے کے لئے پارہ چنار پہونچ گیا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس حملہ کی مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصانات پر غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ’’دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ‘‘ ۔ نواز شریف نے اپنی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’’دہشت گردی کی لعنت کو بہرقیمت ملک سے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا ‘‘ ۔